عمران خان قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، وہ ملک میں فساد برپا کرنا چاہتا ہے ، وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کی پریس کانفرنس

69

لاہور۔13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان قومی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہے، جو شخص پاکستان کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز میں اضافہ کرنے کا باعث بنا ہو وہ پاکستان کا خیر خواہ کیسے ہو سکتا ہے، عمران خان پاکستان کے اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے ، اس کی باتیں ریاست کیلئے کسی صورت بہتر نہیں،وہ ملک میں فساد برپا کرنا چاہتا ہے ، عمرانی فتنے نے پاکستان کی معیشت کو ڈبو دیا ، عمران خان ملک میں خانہ جنگی کروانا چاہتا ہے، یہ شخص ملک کومعاشی دیوالیہ کے ساتھ ساتھ مذہبی منافرت کی طرف لے کر جارہاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کا مقصد پاکستان کے اداروں کو کمزور کرنا ہے ، وہ اداروں کو بلیک میل کر کے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔انتخابات کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں تاہم ایسے شفاف ا نتخابات کرانا چاہتے ہیں کہ کوئی بھی ان پر انگلی نہ اٹھا سکے اور اس کو تمام جماعتیں تسلیم کریں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کروانے کے حوالے سے ہمارے اتحادی جو فیصلہ کریں گے ہم اس کے مطابق عمل کریں گے کیونکہ مسلم لیگ ن اکیلی حکومت میں نہیں ہے ،ہم الیکشن سے قبل اس میں اصلاحات کرنا چاہتے ہیں تاکہ انتنخابات کا عمل شفاف ہو۔

انہوں نے کہا کہ فرح بی بی کا گٹھ جوڑ بشری بی بی سے ہے اور بشری کا تعلق عمران خان سے ہے ، فرح بی بی سے متعلق تحقیقات ضرور کی جائیں گی، عمران خان جتنا شور ڈالنا چاہتا ہے ڈال لے وہ اس پر اثر انداز نہیں ہو سکیں گے کیونکہ یہ کام اداروں نے کرنا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام محفوظ ہاتھوں میں ہے ،عمران خان ایٹمی پروگرام کے حوالے سے اپنا بیانیہ دینا بند کریں،یاد رکھو کہ پاکستانی قوم نے بھوک برداشت کر کے اپنے ایٹمی پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے ، بیرونی دبائو کے باوجود مسلم لیگ ن نے ایٹمی دھماکہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسوں میں ستر فیصد لوگ ایسے ہوتے ہیں جو ہر جلسے میں شرکت کرتے ہیں،مقامی لوگوں کی تعداد 15سے 20فیصد ہوتی ہے ، جلسوں سے پاکستان میں تبدیلی نہیں آسکتی ، عمران خان کی 2018 کی حکومت غیر آئینی جبکہ ہماری حکومت آئینی طریقے سے آئی ہے۔جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو سری لنکا سے ملانے کی کوشش کر رہا ہے، یہ اداروں کو اپنے مطلب کے لیے استعمال کر رہا ہے ،ہم اسکی کوششوں کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اداروں کے متعلق اپنا بیانیہ بند کریں ،اگر پی ٹی آ ئی اور عمران خان نے اداروں سے متعلق اپنے رویے کو تبدیل نہ کیا تو قانون اپنا راستہ خودبنائے گا، جو شخص پاکستان کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز میں اضافہ کرنے کا باعث بنا ہو وہ پاکستان کا خیر خواہ کیسے ہو سکتا ہے، عمران خان پاکستان کے اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کا کچا چٹھہ جلد قوم کے سامنے آ جائے گا،عمران خان کے دور حکومت میں ملک کو اقتصادی ،معاشرتی اور سیاسی حوالے سے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہو ںنے کہا کہ نواز شریف وہی اشتہاری ہیں جن کو ہائی جیکر بنایا گیا لیکن عوام کی حمایت سے وہ تین مرتبہ وزیر اعظم بنیں اور اب چوتھی مرتبہ بھی بننے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے عمران خان کی حکومت کو ایک آ ئینی طریقے عدم اعتماد کے ذریعے ختم کیا تاکہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالا جاسکے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں،ہماری تمام اتحادی جماعتیں ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی چار سال کی کارکردگی صفر ہے، اس کے دور میں ادویات،چینی مافیا،آٹا مافیا،کھاد مافیا اور رنگ روڈز سکینڈل کے علاوہ متعدد سکینڈلز ہیں جن کے متعلق بھی عوام کو بتایا جائے گا۔وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ہم تمہاری طرح الزامات کی بجائے ثبوت کے ساتھ تمہار ی ناقص کارکردگی کوعوام کے سامنے لائیں گے تاکہ لوگوں کو پتہ چل سکے کہ تمہارے اصل کرتوت ہیں کیا،اس کے بعد تم کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہو گے۔

انہوں نے کہا کہ تم جلسے جلوس کر کے عوام کو اپنی کارکردگی بتانے کی بجائے غلط بیانیوں کے پیچھے چھپ رہے ہو، تمہارے اقتدار کے چار سال میں مہنگائی کی وجہ سے لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس گئے اور بہت سے لوگ بے روزگار ہو گئے،جو تم نے قوم کو گمراہ کیا ہم اس کا بھی تم سے حساب لیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان جو بڑھکیں مار رہا ہے کہ میں لانگ مارچ کروں گا، اگر وہ قانون ہاتھ میں لے گا تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔