اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کی تضحیک کر رہے ہیں، ان کے عزائم جلد بے نقاب ہوں گے، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے ملکی معیشت کو17 ارب ڈالر تک کا فائدہ ہوتا لیکن عمران خان کے احتجاج کے باعث انہوں نے اپنا دورہ ملتوی کیا ،
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کی حالت پتلی ہے، یہ پہلا لانگ مارچ ہے جو صوبائی حکومتوں کے وسائل استعمال کرنے اور پولیس کی مدد کے باوجود ناکام ہے، اگر یہ جتھا بنا کر اسلام آباد پر چڑھائی کرنے آئے تو ان کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ عمران خان کو چار گولیاں نہیں لگیں، آزاد انہ میڈیکل بورڈ سے عمران خان کا طبی معائنہ کرایا جائے تاکہ چار گولیاں لگنے کے جھوٹے دعوے کی تصدیق کی جا سکے، میں چیلنج کرتا ہوں کہ اگر ثابت ہو گیا کہ عمران کو چار گولیاں لگیں تو سیاست سے ہمیشہ کیلئے مستعفی ہو جائوں گا ،ورنہ عمران خان سیاست چھوڑ دیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان پر فائرنگ کے ملزم کو ان کے کارکنوں نے پکڑا ہے اور اب وہ پولیس کی حراست میں ہے جو کہ خود ساختہ ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما غیر ملکی ایجنڈے کو فروغ دینے کیلئے ریاستی اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، عمران بوکھلاہٹ میں ریاست مخالف بیانات دے رہے ہیں اور ریاستی ادارے کو بدنام کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر اپنا بیانیہ بدل رہے ہیں۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ کے ذریعے ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، ایسا نہیں ہونے دیں گے، حکومت دارالحکومت کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور یہاں رہنے والوں کی جان و مال کا تحفظ کرے گی۔
ارشد شریف قتل کیس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر 6 افراد کو حوالے کیا جائے تو وہ 6 دنوں میں سارے حقائق سامنے لے آئیں گے، دستیاب شواہد بتاتے ہیں کہ ارشد شریف کا قتل منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا ہے۔