اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک میں تقسیم اور نفرت کی جو بنیاد رکھی ہے اس کے ملک پر دور رس اثرات مرتب ہونگے، وہ ابھی بھی ملک و قوم سے معافی مانگنے کے بجائے 9 مئی واقعات کا دفاع کر رہے ہیں۔
جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی کے اندر آواز اٹھنے کے بعد بھی 9 مئی کے واقعات کی واضح الفاظ میں مذمت نہیں کی، سب جانتے ہیں کون مذمت کر رہا ہے کون اسے کامیابی سمجھتا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ پورے ملک میں ایک ہی شخص ہے جو 9 مئی کے حملوں کی مذمت نہیں کرتا، اب کہتے ہیں پاک فوج کو تحریک انصاف کے خلاف کھڑا کرنے کی سازش ملک کےٹکڑےکر سکتی ہے، ان کو 9 مئی کے واقعات پر کوئی شرمندگی اور احساس ہوتا تو ملک کے ٹکڑے ہونے کی باتیں نہ کرتے۔
انہوں نے کہا کہ پر تشدد سیاست، دھمکی آمیز لہجے، بیانات اور الزامات کا ذمہ دار کوئی اور نہیں وہ خود ہیں،پی ٹی آئی اور اداروں کے بیچ اگر کوئی سازش کر رہا ہے تو وہ عمران خان خود ہیں، ان کی انتشار کی سیاست ہے۔