عمران خان ملک کوغیرمستحکم کررہے ہیں،عوام نیازی کی منفی سیاست سے تنگ آچکی ہے،وزیراعظم کے مشیر انجینئرامیرمقام کا اجتماع سے خطاب

145
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام

پشاور۔14مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور اور قومی ورثہ انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کویہ احساس ہونے کے بعدکہ ان کی سیاست بے وقعت ہوگئی ہے اب وہ ملک کو غیر مستحکم کر رہے ہیں۔یہاں 800ملین روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل ہونے والے 132 کے وی کرنل شیر خان گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے بعد ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے جس نے خیبر پختونخوا سمیت ملک میں مہنگائی کو جنم دیا ہے عمران خان نے قومی اسمبلی کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی وجہ سے اپنی معزولی کے بعد ریاستی اداروں کو سیاست میں گھسیٹ لیا ہے اور اب بھی سیاسی مخالفین اور حکومتی اداروں کے اعلی عہدیداروں پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ عمران خان اپنی جھوٹ پر مبنی سیاست کے لیے جانے جاتے ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ وہ غیر ملکی سازشی بیانیے سے پیچھے ہٹ گئے،عمران خان کو نیوٹرل بھی پسند نہیں تھا اور ان کا اپنے امپائرز کے تحت سیاسی میچ کھیلنے اور جیتنے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کو سیاسی طور پر غیر مستحکم کرنے کے لیے کے پی اور پنجاب کی اسمبلیاں تحلیل کیں ایک طرف پی ٹی آئی نے قبل از وقت کے پی اور پنجاب اسمبلیوں کے ساتھ ساتھ حکومتیں بھی تحلیل کیں اور اب قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے جس سے عمران خان کی نادان سیاست ظاہر ہوتی ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ عمران خان توشہ خانہ سمیت مختلف مقدمات میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد عدلیہ سمیت ریاستی اداروں پر دبائو ڈال رہے ہیں پی ٹی آئی رہنما نے توشہ خانہ سے مہنگی گھڑی چوری کرکے ملک کا امیج خراب کیا ہے۔امیر مقام نے کہا کہ کرنل شیر گرڈ سٹیشن پر سابق پی ٹی آئی حکمرانوں نے کام روک دیا تھا موجودہ حکومت نے فوری طور پر اس پر دوبارہ کام شروع کیا اور ریکارڈ نو ماہ میں مکمل کر کے ہزاروں صارفین کو فائدہ پہنچایا ضلع صوابی میں دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام تیز کر دیا گیا ہے اور جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

وزیراعظم کے مشیر نے پی ٹی آئی کے کارکنوں سے سوال کیا کہ کیا وہ ایسے شخص کی حمایت جاری رکھیں گے جس نے انہیں گزشتہ 10 سالوں سے نام نہاد تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا یا محمد نواز شریف کی حمایت کریں گے جنہوں نے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے۔ موٹرویز، ہائی ویز کا جال بچھا کر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر ملک کا امیج بھی بلند کیا۔امیر مقام نے کہا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں مہنگائی نہیں ہوئی اور موجودہ مہنگائی کا ذمہ دار عمران خان کی حکومت ہے نواز شریف نے قید و بند سمیت تمام مشکل حالات کا ثابت قدمی اور بہادری سے سامنا کیا اور عوام کے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مخلوط حکومت میں سیاست کی خاطر نہیں بلکہ ملک کو موجودہ مشکل وراثتی چیلنجز سے نکالنے کے لیے شامل ہوئے ہیں ہمارا ایجنڈا پاکستان کی ترقی اور اس کے عوام کی خوشحالی ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ عمران خان کو توشہ خانہ اور پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیسز سمیت ان کی بدعنوانیوں کا احتساب کیا جائے گا اور قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر تین بار منتخب وزیراعظم نواز شریف پی ٹی آئی کی سابق حکومت میں 200 سے زائد مرتبہ اپنی بیٹی کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہوسکتے ہیں تو عمران خان کیوں نہیں؟

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی لاہور کے اجتماع میں عمران خان کی ذاتی شرکت کے بعد ان کا پلستر ڈرامہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے کے پی کے عوام عمران خان کی مرکز میں چار سال کی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور صوبے میں 10 سالہ حکومت کی وجہ سے ان کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے پی اور پنجاب کے لوگوں نے پی ایم ایل این سے بڑی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں کہ وہ اپنے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد پی ایم ایل این کے پی کے عوام کے احساس محرومی کو دور کرے گی اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔