عمران خان ملک کے بدترین مالی خسارے کا ذمہ دار ، حکومت الگ الگ الیکشن کا مطالبہ قبول نہیں کرے گی،وزیر تجارت سید نوید قمر

143
عمران خان ملک کے بدترین مالی خسارے کا ذمہ دار ، حکومت الگ الگ الیکشن کا مطالبہ قبول نہیں کرے گی،وزیر تجارت سید نوید قمر

ٹنڈومحمدخان۔ 24 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا ہے کہ ایک جانب الیکشن کرانے کا حکم ملتا ہے تو دوسری جانب نہ کرانے کی بات ہوتی ہےدونوں جانب کی ضد سے ملک خانہ جنگی کی طرف جا سکتا ہے، سیاسی باتیں سیاست کے میدان میں کی جاتی ہیں، خود کو ہیرو بنا کر پیش کرنے والا عمران خان ملک کے بدترین مالی خسارے کا ذمہ دار ہے، حکومت اس کا الگ الگ الیکشن کا مطالبہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی،الیکشن پر سیاست کرنا غیر جمہوری عمل ہے، موجودہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ملک بھر میں ایک ہی دن ہوں گے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان میں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ عوامی عید ملن پارٹی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ سید نوید قمر نے کہاکہ پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے ایک صوبے میں الیکشن کرانے والے مطالبے کے خلاف ہیں، الگ الگ الیکشن کے انعقاد سے ملک میں انتشار پھیلنے کا اندیشہ ہے، بڑے صوبے میں پہلے الیکشن کے انعقاد سے اس کا اثر تینوں چھوٹے صوبوں پر ہوگا، ملک بھر میں ایک ہی دن الیکشن سے کس کو نقصان اور کس کو فائدہ ہوگا یہ بعد کی بات ہے، الیکشن پر سیاست کرنا غیر مناسب عمل ہے۔تحریک انصاف سے بات چیت کرنے بارے سوال پر سید نوید قمر نے کہا کہ حکومتی اتحادیوں سے بات چیت ہوچکی جلد ہی ملکی مفاد کے تحت تحریک انصاف سے بھی بات کی جائے گی، ملک میں الگ الگ انتخابات کسی صورت ممکن نہیں ،

موجودہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر اور ایک ہی دن ہوں گے۔ سپریم کورٹ کے احکامات بارے
ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب الیکشن کرانے کا حکم مل رہا ہے تو دوسری جانب الیکشن نہ کروانے کی باتیں ہورہی ہیں جو ملکی مفاد میں نہیں ،اس سے ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، تمام تر ملکی مفاد کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو بیٹھ کر لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔ سید نوید قمر نے کہا کہ سیاسی باتیں جی ایچ کیو اور سپریم کورٹ میں نہیں بلکہ سیاسی میدان میں کی جاتی ہیں، جمعیت علمائے اسلام ف کے پی ٹی آئی مخالف اور سخت رویے پر سید نوید قمر نے کہا کہ جے یو آئی تحریک انصاف کی مخالف نہیں ہے، عمران خان کی بدتہذیب زبان کی وجہ سے جے یو آئی سمیت تمام سیاسی جماعتیں ان سے بات کرنا پسند نہیں کرتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں ہماری تنہا حکومت نہیں ، سب اتحادی جماعتوں کے مشترکہ لائحہ عمل کے تحت موجودہ حکومت بنی ہے۔سید نوید قمر نے کہا کہ یو کرین جنگ شہباز شریف نے شروع نہیں کی ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ خود کو ہیرو کہلانے والا عمران خان ملکی مالی خسارے کا ذمہ دار ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں جانا مجبوری تھی ، آئی ایم ایف نے واضح طور پر کہا کہ گزشتہ حکومت نے جو معاہدے کئے وہ پورے نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کہتی تھی کہ ہمیں 2 سو ارب ملنے والے ہیں پھر ہم وہ رقم آئی ایم ایف کے منہ پر ماریں گے، نہ تو پیسے ملے اور نہ ہی ان کی حسرت پوری ہوئی