وفاقی وزیر اطلاعات نے عمران خان کے میڈیا سیمینار کو منافقت قراردے دیا،میڈیا دشمن آج کس منہ سے میڈیا سیمینارکروارہاہے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے میڈیا سیمینار کو منافقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا دشمن کس منہ سے میڈیا سیمینار کروا رہا ہے، اسے شرم آنی چاہئے ، عمران خان میڈیا کا معاشی قتل کرنے والا مجرم ہے، سی پی این ای، انٹرنیشنل میڈیا واچ اور رپورٹرز ود آئوٹ بارڈرز کی رپورٹس عمران خان کی میڈیا دشمنی کی گواہی ہیں۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دور میڈیا کے لئے سیاہ ترین دور تھا، عمران خان نے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر میڈیا دشمنی کی، وہ جھوٹے، کرپٹ، فارن ایجنٹ، میڈیا دشمن اور منافق ہیں، میڈیا کو فیصلہ کرنا ہے کہ میڈیا کے خلاف نیب کو استعمال کرنے والے کے سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے بانی کے میڈیا سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار سال میڈیا کا قتل کرنے والا میڈیا سیمینیار کرنے کا تماشا نہ کرے۔ عمران خان نے میڈیا کو کمزور کرنے کے لئے میر شکیل الرحمان کے خلاف نیب گردی کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے ، سی پی این ای اور پی بی اے کو فیصلہ کرنا ہوگا کے میڈیا کو کمزور کرنے والے کے سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ صحافت کا قتل، صحافیوں کو گولیاں مارنے والے، میڈیا کی زبان بندی کرنے والے کے میڈیا سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ جس کو عالمی اداروں نے میڈیا پریڈیٹر کا خطاب دیا ہے، اس کے سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ ان کی آزادی اور نوکری چھیننے والے کے سیمینار کے تماشے کو ماننا ہے کہ نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سی پی این ای کی 2020ئ، انٹرنیشنل میڈیا واچ اور رپورٹرز ود آئوٹ بارڈرز (آر ایس ایف 2021ئ) کی رپورٹس عمران خان کی میڈیا دشمنی کی گواہی ہیں۔ عمران خان چار سال وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھ کر میڈیا دشمنی کرتے رہے، انٹرنیشنل میڈیا واچ نے عمران خان کو فاشسٹ قرار دیا ہے، عمران خان نے چار سالوں میں صحافیوں کی پسلیاں توڑیں، انہیں اغواء کیا، میڈیا کی آزادی کو کچلا، پارلیمان کو تالے لگوائے۔

عمران خان نے میڈیا کو نیب کے ذریعے کنٹرول کیا اور میڈیا ورکرز کو بے روزگار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ صحافیوں سے قلم چھیننے والا، سکرین سے غائب کرنے والا، نوکری چھیننے والے کے سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں۔