اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ سے تحائف لے کر دبئی میں معمولی قیمت پر فروخت کئے،عمران خان نےکم از کم 1700 ملین روپے کی مہنگی گھڑی صرف 20 ملین روپے میں فروخت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہو ں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف کی مجوزہ قیمت کی 20 فیصد ادائیگی کر کے فائدہ اٹھایا تاہم بعد میں ادائیگی کی قیمت میں اضافہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس حل کرنے کیلئے ثبوت پیش کرنے چاہئیں ورنہ دوسری صورت میں تحائف کی پیپر ٹریل دینا ہوگی۔
وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ سے حاصل کئے جانے والے مہنگے تحائف دبئی میں معمولی قیمت پر فروخت کئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی قیادت کے پاس صحافی ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے کوئی معلومات ہیں تو وہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو فراہم کرے تاکہ اس معاملے کو حل کیا جا سکے۔