اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان نے جمہوریت کو بے توقیر اور ہر ادارے کو تماشا بنایا ہے۔عمران خان ممنوعہ فارن فنڈنگ کو ملک میں انتشار پھیلانے کے لئے ہے استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے جمعرات کو ایک جاری کئے گئے بیان میں کہا کہ پارلیمنٹ مقدس ادارہ ہے، اس کی مزید بے حرمتی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کبھی کہتے ہیں استعفے دیئے ہیں، کبھی کہتے ہیں استعفے نہیں دیئے، یہ تماشا بند ہو جانا چاہئے۔اگر استعفے نہیں دیئے تو ضمنی انتخابات میں حصہ کیوں لے رہے ہو۔