عمران خان نے فارن فنڈنگ لے کر کشمیر کا سودا کیا اور ملک کو کمزور کیا، وفاقی وزیر اطلاعات کا عمران خان کے بیان پر ردعمل

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا پروٹوکول آفیسرپی آئی ڈی مقبول احمد کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے سب سے بڑا خطرہ عمران خان اور ان کی لائی ہوئی فارن فنڈنگ ہے، عمران خان نے 2011ء سے فارن فنڈرز کے مطالبات پورے کئے، فارن فنڈنگ لے کر کشمیر کا سودا کیا، اقتدار میں رہ کر ملک کو کمزور کیا اور فارن فنڈرز کو خوش کیا۔

جمعہ کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان اپنا منہ بند کریں، انہوں نے ملک کی معیشت اور سیکورٹی کو کمزور کیا، وہ خیرات کے پیسوں کو پارٹی سیاست کے لئے استعمال کرنے کا جواب دیں، ملک کی معیشت کے ٹھیکے دار نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سب سے بڑا سیکورٹی تھریٹ عمران خان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے فارن فنڈنگ لینے والا ملک کی سیکورٹی کا ٹھیکیدار نہ بنے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چار سال جس شخص کو دنیا میں کسی نے منہ نہیں لگایا، کال تک نہ کی اور نہ اس کی کال اٹھائی، اس کے منہ سے یہ باتیں اچھی نہیں لگتیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک اور اس کی معیشت کو کمزور کر کے، عوام کو بھوکا مار کر، میڈیا کی آواز بند کر کے فارن فنڈنگ والوں کے مطالبے پورے کئے۔