عمران خان نے مغرب کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسلام کا دفاع کیا ،کسی کو مسلمانوں کی دل آزاری کی اجازت نہیں دیں گے، وزیر مملکت فرخ حبیب

109
نومبر1947 کو بھارت نے کشمیریوں پرظلم کے پہاڑگرائے، وزیر مملکت فرخ حبیب

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری کرے، عمران خان کے ریاست مدینہ کے عزم کو آگے بڑھائیں گے، اقوام متحدہ کے فورم پر عمران خان نے مغرب کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسلام کا دفاع کیا۔ وہ منگل کی شب دربار عالیہ عیدگاہ شریف میں عالمی یارسولؐ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے برائے مشرق وسطی علامہ طاہر اشرفی بھی موجود تھے۔ کانفرنس کی صدارت سجادہ نشین عیدگاہ شریف پیر نقیب الرحمان نے کی جبکہ صاحبزادہ حسان حسیب الرحمان نے بھی خطاب کیا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ آج کا یہ اجتماع عاشقان رسول ﷺ کا اجتماع ہے، نبی پاکﷺ کی زندگی ہمارے کے لئے مکمل ضابطہ حیات ہے، یہاں سے امن،محبت، احساس،عدل و انصاف اور بھائی چارہ کا پیغام ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے کمزور طبقات پر ظلم کریں اور انصاف کرنا چھوڑ دیں تو ان قوموں کے نام مٹ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کی زندگی غیر مسلموں کے لئے بھی مثال تھی، اسلام امن، محبت کا دین ہے،اسلام جبر کی بات نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مغرب میں جو اسلام کا منظر نامہ پیش کیا جاتا ہے وہ حقیقی نہیں ہے، آج کینڈا میں چار مسلمانوں کو اسلاموفوبیا پر شہید کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی سیرت النبی ﷺ پر عمل کر کے اپنے کردار سے ثابت کرنا ہے کہ ہم امت محمدیﷺ ہیں، ایسے عمل سے گریز کرنا ہے جس سے دنیا میں مسلمانوں اور اسلام کا امیج خراب ہو۔