عمران خان نے نہ صرف ملکی معیشت بلکہ ہماری نئی نسل کا بھی بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے،عمران خان محسن کش انسان ہیں،انکی اقتداراوردولت کی ہوس کی کوئی حدنہیں،وزیردفاع خواجہ محمد آصف

210
Defense Minister Khawaja Muhammad Asif
خواجہ محمد آصف نے کشمیر، فلسطین اور دہشت گردی کا مسئلہ عالمی فورم پر کھل کر اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف

سیالکوٹ۔11دسمبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کو2018 ء میں ایک منصوبے کے تحت ہم پر مسلط کیا گیا جس نے ملک و قوم کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ، عمران خان نے نہ صرف ملکی معیشت بلکہ ہماری نئی نسل کا بھی بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے،

آج وہ شخص پھر سے آوازیں دے رہا ہے کہ اسے ملک میں مزید تباہی پھیلانے دی جائے لیکن اب ایسا ہرگز نہیں ہو گا اور ملک کا ہر ادارہ آئین و قانون میں رہتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں مسلم لیگ ہائوس سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کی ناکام اور غلط پالیسیوں کا ہی خمیازہ آج عوام مہنگائی کی شکل میں بھگت رہے ہیں ، ہم گزشتہ 8 ماہ سے ملکی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور پرعزم ہیں کہ بہت جلد ملکی معیشت کو درست ٹریک پر لانے میں کامیاب ہو جائیں گے جس کے لیے حکومتی سطح پر اہم و ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ہمارے دوسرے قائدین اسی کوشش میں ہیں کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جب قومیں جعلی اور فراڈیے لیڈر کے پیچھے چلنا شروع کردیں تواللہ تعالیٰ کی طرف سے عذاب آتے ہیں، ہم نے مہنگائی، بجلی گیس کے بلوں سے جان چھڑائی تو پھر سیلاب آگیا، سیلاب کے باعث کروڑوں لوگ متاثر ہوئے، سندھ اور بلوچستان میں آج بھی پانی کھڑا ہے، ملک میں کروڑوں لوگوں کے سر پر چھت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان محسن کش انسان ہیں ، سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی عمران خان کے محسن ہیں لیکن یہ انکے خلاف بھی باتیں کرتے ہیں ، عمران خان کی اقتدار اور دولت کی ہوس کی کوئی حد نہیں ہے، یہ شخص دولت اور اپنے اقتدار کی ہوس میں کچھ بھی کر سکتا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 4 سالہ دور حکومت میں ہمیں بد نام کرنے کیلئے میڈیا ٹرائل کیا گیا،ہمیں قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں ، رانا ثنا اللہ پر بھی جھوٹے کیسز بنائے گئے انہیں بھی قید و بند میں رکھا گیالیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیں کامیابی ملی اور ہم سرخرو ہوئے،برطانوی اخبار ڈیلی میل جس نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے خلاف غلط لکھا اس نے معافی مانگی ہے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم سرخرو ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایماندار کہنے والے سن لیں یہ شخص ہرگز ایماندار نہیں بلکہ سب سے بڑا چور ہے جو ثابت بھی ہو چکا ہے ، اس شخص نے زلفی بخاری اور اپنے مرشد کے ساتھ ملکر توشہ خانہ کے سارے تحائف اونے پونے بیچ ڈالے جن کا کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھڑی چور عمران خان نے توشہ خانہ سے 6 ارب روپے کے زیورات صرف ڈیڑھ کروڑ میں بیچ ڈالے اور عمران خان اینڈ کمپنی جس شخص سے گھڑی کی رسید کا دعوٰی کرتے ہیں وہ کہتا ہے کہ میری اتنی اوقات ہی نہیں کہ میں اتنی مہنگی گھڑی خرید سکوں اور جس روز کی یہ رسید دکھارہے ہیں اس دن میرے اکائونٹ میں صرف 20 لاکھ کی رقم تھی جس کا بنک ریکارڈ بھی موجود ہے۔

خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان تو جاتے جاتے وزیراعظم ہائوس سے پانی کی بوتلیں اور ٹشو پیپرز کے ڈبے تک بھی اٹھا کے لیے گیا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے رونے کی اصل وجہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی تھی، عمران خان اپنی مرضی کا آرمی چیف لانا چاہتا تھا لیکن میرے اللہ کا کچھ اور ہی فیصلہ تھا،

آرمی چیف کی تعیناتی بھی بہت بڑا اعزاز ہے ، اللہ تعالیٰ نے ہمارے قائد محمد نواز شریف کو 6 بار آرمی چیف تعینات کرنے کا اعزاز بخشا جبکہ ایک مرتبہ انکے بھائی وزیراعظم محمد شہباز شریف کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے جنہوں نے نئے آرمی چیف کو تعینات کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی ہمارے دفاع کا ادارہ ہے جو ہر وقت سرحدوں پر ہمارے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہوتے ہیں لیکن عمران خان نے آرمی جیسے ادارے کو بھی نہیں بخشا۔انہوں نے مذید کہا کہ ہم سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرح ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔