اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کا کوئی جواب نہیں دیا، قیمتی گھڑی آپ کی نہیں توشہ خانہ کی امانت تھی،عمران خان ساری ڈکیتیوں اور چوریوں کے باوجود صادق اور امین کہلوانا چاہتے ہیں، پرویز الہٰی عمران خان کی مرضی سے پنجاب میں دیہاڑیاں لگا رہے ہیں، پنجاب میں ہائوسنگ سوسائٹیوں کے …
عمران خان نے کرپشن کے ریکارڈ بنائے،ثبوت قوم کے سامنے آچکے ، میثاق معیشت میں غریب کی روٹی اور ملکی سلامتی کا تحفظ مضمر ہے،ن لیگی رہنماطلال چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کا کوئی جواب نہیں دیا، قیمتی گھڑی آپ کی نہیں توشہ خانہ کی امانت تھی،عمران خان ساری ڈکیتیوں اور چوریوں کے باوجود صادق اور امین کہلوانا چاہتے ہیں، پرویز الہٰی عمران خان کی مرضی سے پنجاب میں دیہاڑیاں لگا رہے ہیں، پنجاب میں ہائوسنگ سوسائٹیوں کے نام پر اربوں روپے کی بدعنوانیاں کی جا رہی ہے، پرویز الہٰی کو اسمبلی توڑنے سے پہلے اعتماد کا ووٹ لینا ہو گا، مسلم لیگ (ن) الیکشن سے نہیں بھاگ رہی ، معاشی حالات اس کی اجازت نہیں دیتے، انتخابات کیلئے ملک میں منصفانہ اور مساویانہ ماحول ضروری ہے۔
منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالتی مقدمات میں سٹے کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں، عمران خان نے 6 ارب روپے کی چیزیں ڈیڑھ کروڑ میں لیں، انتخابات 62، 63 کے قانون کے تحت ہوتے ہیں، عمران خان نے الیکشن کمیشن میں تمام کیسوں کا آج بھی جواب نہیں دیا، توشہ خانہ، بیٹی، فارن فنڈنگ اور سائفر کا آپ کو جواب دینا پڑے گا، عمران خان دوسروں پر چھوٹے چھوٹے الزامات لگا کر سیاست نہ کریں، آپ خود اپنی چوریوں کا جواب نہیں دیتے، ملک میں سیاسی عدم استحکام عمران خان کا پیدا کر دہ ہے، میثاق معیشت میں غریب کی روٹی اور ملکی سلامتی کا تحفظ مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی عمران خان کی مرضی سے پنجاب میں آج بھی دیہاڑیاں لگا رہے ہیں، مونس الہٰی عمران خان کی مرضی سے دیہاڑی لگا رہے ہیں، پنجاب میں ہائوسنگ سوسائٹیوں کے نام پر اربوں روپے کی بدعنوانیاں کی جا رہی ہیں، پرویز الہٰی چوہدری شجاعت حسین کے نہ ہو سکے عمران خان کے کیسے ہو سکتے ہیں، پنجاب میں کسی قسم کا ایڈوانچر نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی کو اسمبلی توڑنے سے پہلے اعتماد کا ووٹ کیلئے لینا ہو گا اور 186 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ قبل ازوقت انتخابات پاکستان کی معیشت برداشت نہیں کر سکتی، انتخابات میں آپ کا مقابلہ کریں گے، ملک میں صاف و شفاف انتخابات ہونے چاہئیں، مسلم لیگ (ن) الیکشن سے نہیں بھاگ رہی تاہم موجودہ صورتحال میں معاشی حالات اس کی اجازت نہیں دیتے، الیکشن کیلئے ملک میں منصفانہ اور مساویانہ ماحول ضروری ہے، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل کیا گیا اور بارہا جے آئی ٹیز کے سامنے پیش ہوئے، ہم نے جھوٹے مقدمات میں بے شمار پیشیاں بھگتیں، ہماری تین نسلوں نے احتساب کا سامنا کیا، ہر معاملہ میں عمران خان کوئی بہانہ بنا کر بھاگ جاتے ہیں ۔
طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا اور ہم نے پاکستان کی خاطر تباہ حال معیشت لے کر سیاسی نقصان کیا ہے، ہم نے کئی مرتبہ انتخابات میں ان کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کو روز گالیاں دیتے ہیں، انتخابات کیلئے طریقہ کار طے کرنا ہے، پہلے میثاق معیشت کو ٹھیک کرنا ہے اور غریب کا چولہا جلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو توشہ خانہ، بیٹی، فارن فنڈنگ اور سائفر کا جواب دینا ہے، عمران خان نے توشہ خانہ پر ڈاکہ ڈالا، کرپشن کے ریکارڈ بنائے، انہوں نے ہمارے ساتھ جو سلوک کیا اس کا عشر عشیر بھی ان کے ساتھ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب مرضی قانون کی چلے گی تمہاری نہیں، مرشد مرید کو تحائف بھیجتی رہی، ثبوت قوم کے سامنے آ چکے ہیں، کیا آپ قانون سے بالاتر ہو، آپ کون ہوتے ہو مرضی کرنے، گھڑی آپ کی نہیں پاکستان کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام چیزوں کا وفاقی کابینہ نے ایف آئی اے سے کہہ دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان دو صوبائی حکومتوں کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں، ہم تو کہتے ہیں کہ صوبائی حکومتیں ٹوٹیں، ہم نے ان کی جیبوں سے ہیرے اور دوسری چیزیں برآمد کرنا ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف الیکشن سے قبل آئیں گے اور الیکشن مہم کو خود چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صاف و شفاف الیکشن کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈز ضروری ہے۔








