اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کا ناسور ہے جو پرامن احتجاج کی آڑ میں ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے، آڈیو لیک اور باوثوق ذرائع سے موصول ہونے والی رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں، ابھی فیصلہ نہیں ہوا کہ لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی یا نہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے احتجاج کے حوالے سے جس جگہ کیلئے این او سی کیلئے درخواست دی ہے وہاں تک پر امن احتجاج کی یقین دہانی کرواتے ہیں تو ان کو وہاں پر آنے دیا جائے گا۔
اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاست دان نہیں بلکہ ایک فتنہ ہے، عمران خان کا ہر بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہوتا ہے اور اس کا ایجنڈا صرف ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانا ہے، جمہوری اور پارلیمانی سیاست میں مذاکرات ایک بنیاد ہے لیکن عمران خان کو نہ کوئی جمہوری روایات کی پاسداری ہے اور نہ اس کا علم ہے، قوم کو اس بات کا ادراک کرنا چاہیے اوراس کے اوپر سوچنا چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت دو حصوں میں تقسیم ہے، ایک حصہ پاگل خان پر مشتمل ہے اور دوسرا حصہ چاہتا ہے کہ مفاہمت کا راستہ اختیار کیا جائے تاکہ تصادم سے بچا جا سکے، کچھ دن پہلے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے الیکشن کی تاریخ کے بارے بات چیت کی پیشکش کی تھی، ہم نے ان سے کہا کہ شرط نہ لگائیں غیر مشروط طور پر بیٹھیں تو بات ہوسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پیغام بھیجا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی اور الیکشن کی تاریخ کے بارے میں بات کرلیتے ہیں لیکن وزیراعظم نے مشروط بات چیت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ کو اسلام آباد داخل ہونے کی اجازت دینے کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت نے ریڈزون کی حدود کو بڑھا دیا ہے، ابھی فیصلہ نہیں ہوا کہ لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی یا نہیں،
کل جو آڈیو سامنے آئی ہے اس کی بنیاد پر انہیں اسلام آباد داخل نہیں ہونے دیا جائے، جس جگہ کیلئے انہوں نے درخواست دی ہے وہاں تک پر امن احتجاج کی یقین دہانی کرواتے ہیں تو ان کو وہاں پر آنے دیا جائے گا۔