فیصل آباد ۔16فروری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جن کے دل میں عوام کا درد ہے اور ہر فیصلہ کرتے وقت ان کی نیت صاف ہوتی ہے جبکہ ہیلتھ کارڈ ان کا شاندار کا رنامہ ہے اسی طرح نئے ڈیمز کی تعمیر سے عوام کو سستی بجلی ملے گی۔
اپنے حلقہ نیابت میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ایک نہیں بلکہ تین کینسر ہسپتال بنائے جبکہ ہر شہری کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا جسے ہر جگہ سراہا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص کا شناختی کارڈ ہی اب اس کا ہیلتھ کارڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جتنے بھی حکمران آئے وہ یہ جانتے تھے کہ ایسا ہوسکتا ہے لیکن انہوں نے اس طرف کوئی توجہ نہ دی بلکہ ان کو اگر کھانسی بھی ہوتی تھی تو وہ اس کا علاج کرانے راتوں رات لندن چلے جا تے تھے لیکن یہ عمران خان نے ممکن کر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ 30 سال حکومت کر نیوالوں کو ہیلتھ کارڈ کا خیال نہیں آیا بلکہ اب بھی سندھ حکومت عوام کو ہیلتھ ریلیف دینے کو تیار نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کورونا کے دوران سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اپنائی اور اب کمزور طبقے کو گھر بنانے کیلئے 27 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت عوام کو گھر کی دہلیز کے قریب تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے بھرپور وسائل بروئے کا ر لا ئے جارہے ہیں اور رواں سال واضح ریلیف کا سال ہوگاجبکہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناسب سے حکومت کو شہریوں کے ساتھ ساتھ سرکاری و نیم سرکاری ملازمین کی مشکلات کا بھی بخوبی ادراک ہے لہٰذا انہیں بھی ریلیف دینے کیلئے ان کی تنخواہیں بڑھارہے ہیں تاکہ وہ بھی موجودہ مشکل حالات میں مالی پریشانی سے بچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا70 فیصد حصہ زراعت سے منسلک ہے اسلئے حکومت زرعی ترقی کی غرض سے وزیراعظم کے 300 ارب روپے کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو بیج، کھاد، پیسٹی سائیڈز، زرعی مشینری و آلات اور دیگر زرعی لوازمات کیلئے سبسڈی فراہم کررہی ہے جس کے ساتھ ساتھ نہری پانی کا ضیاع روکنے کیلئے اصلاح آبپاشی پروگرام کے تحت کچے کھالوں کو پختہ بھی کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گندم، گنے اور کپاس وغیرہ کی امدادی قیمت خرید میں خاطر خواہ اضافہ کیا جس سے ان غذائی اجناس کی پیداوار میں زبردست اضافہ ہوا اور مڈل مین کا کردار ختم ہونے سے براہ راست کاشتکاروں کو 1100 ارب روپے کی اضافی آمدنی حاصل ہوئی اور یہ رقم مارکیٹ میں آنے سے دیگر کاروباروں کو بھی فروغ حاصل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر شہری کو صحت و علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا کردیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی پچھلے ہفتے فیصل آباد آمد کے بعد اب فیصل آباد ڈویژن کے ہر گھرانے کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت سالانہ 10 لاکھ روپے تک کا سکیورٹی کور حاصل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نیا پاکستان کے ویژن کے تحت فیصل آباد سمیت ڈویژن کے ہر شہری کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا ایک تاریخ ساز اقدام ہے جس سے اب ہر گھرانہ سالانہ 10 لاکھ روپے تک کسی بھی اعلان کردہ بیماری کی صورت میں اپنے پسند کے سرکاری و پرائیویٹ اورپینل پر موجود بڑے سے بڑے نجی ہسپتال سے باعزت طور پر ایک روپیہ بھی خرچ کئے بغیر اپنا اور اپنے اہل خانہ کا علاج کر واسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت ہیلتھ کارڈز کے حوالے سے ہسپتالوں کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کرے گی تاکہ کسی بھی جگہ کسی بھی شہری کو اپنے علاج معالجہ کے ضمن میں کوئی مشکل یا دشواری پیش نہ آسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے حکام سے بھی رابطہ رکھا جا رہا ہے لہٰذا اگر کسی جگہ کوئی رکاوٹ درپیش آئی تو اسے فوری دور کردیا جا ئے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے ہر شخص بلاامتیاز خواہ اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت یا گروپ سے ہو بلا تفریق برابری کی بنیاد پر اپنا اور اپنے اہل خانہ کا علاج معالجہ کر واسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار امیر غریب یا متوسط و سفید پوش یا کسی دیگر حیثیت کو بھی بالائے طاق رکھتے ہوئے سب کو مساوی یہ سہولت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی شہری 8500 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر سینڈ کرکے قومی صحت کارڈ کے بارے میں اپنے خاندان سے متعلق معلومات یا ہیلپ لائن 080009009 سے رہنمائی حاصل کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات میں اضافہ کیلئے حلقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروانے کا وعدہ آج پورا کر رہے ہیں کیونکہ ہم نے الیکشن ہی عوامی خدمت کے نعرے پرلڑا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ کے اکثر علاقوں میں کروڑ وں روپے کی لاگت سے سیوریج کا نظام درست ہونے جا رہا ہے جو پہلے نہ ہونے کے برابر تھا بلکہ یہاں جگہ جگہ بڑے بڑے تالاب اور گندے پانی کے جوہڑ بنے رہتے تھے اسی طرح36کروڑ کی لاگت سے اس ایریا کو ماڈل بنانے جا رہے ہیں جہاں پینے کے صاف پانی کیلئے واٹر پمپ و فلٹریشن پلانٹس بھی لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکہ والا کے قریب6 ایکڑ پر محیط پبلک پارک بنایا جا رہا ہے جو الیکشن سے پہلے مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اہل علاقہ ومعززین حلقہ کے کہنے پر ہم اس علاقہ میں بچوں اور بچیوں کا پرائمری سکول بھی جلدبنوا کر دیں گے جس کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سب ایک ہیں اسلئے ہم نے کسی تفریق کے بغیر پورے حلقہ میں بلا امتیاز یکساں ترقیاتی کاموں کو اولیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کینسر ہسپتال بنائے اور یونیورسٹیاں بھی قائم کیں جہاں یہ نہیں دیکھا جا تا کہ ان سہولیات سے استفادہ کر نیوالے کا تعلق مسلم لیگ سے ہے یا پی ٹی آئی سے، وہ امیر ہے یا غریب۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے2 کینسر ہسپتال بنائے جبکہ تیسرا تیاری کے مراحل میں ہے جس میں مفت علاج کیا جا رہا ہے کیونکہ عمران خان کی نیت صاف اور ان کے دل میں غریبوں کیلئے بڑی اپنائیت ہے اسی لئے انہوں نے غریبوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا ہے۔فرخ حبیب نے بجلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 45 فیصد بجلی فرنس آئل، ڈیزل اور گیس پر بن رہی ہے جو ہائیڈل کی نسبت انتہائی مہنگی پڑ رہی ہے مگرہم سابقہ حکومتوں کے معاہدوں کے ہاتھوں مجبور ہیں لیکن ہماری حکومت10 بڑے ڈیم بنانے جا رہی ہے جن کی تکمیل سے10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آئے گی اور زراعت کیلئے بھی وافر پانی دستیاب ہوگا۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہماری حکومت نے بے گھر، کرایہ پر رہنے والے اور کم وسائل افراد کو 40 ارب روپے کے قرضے آسان شرائط پر دیئے جبکہ اس ضمن میں 130 ارب روپے کی مزید درخواستیں بھی آئندہ کیلئے منظور ہو چکی ہیں جس کے تحت3 مرلہ کے مکان بنوائے جا رہے ہیں،اس کے علاوہ حکومت کی طرف سے5 لاکھ روپے کے بلا سود قرض حسنہ دینے کیلئے مائیکرو فنانس اور اخوت کے ذریعے اقدامات جاری ہیں تاکہ غریب آدمی اپنا چھوٹا موٹا کاروبار کرکے اپنا اور اپنے اہل خانہ کا باعزت گزارہ کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث مہنگائی کاایک عالمی طوفان آیا ہے جس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے مگر اس پر آنے والے وقتوں میں قابو پا لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران شہریوں کو 250 ارب روپے کی ویکسین خرید کرمفت لگوائی گئی اور وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے دوران ملک میں لاک ڈاؤن نہیں ہونے دیا بلکہ اپوزیشن کی سخت تنقید کے باوجود سمارٹ لا ک ڈاؤن سے کام چلایا تاکہ لوگوں کے چولہے ٹھنڈے نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے اور گھسیٹ گھسیٹ کر چوراہوں پر لٹکانے کی بڑھکیں مارنے والے والے اب انتہائی ڈھٹائی اور بے شرمی سے نظریں نیچی کئے ایک دوسرے سے پیٹ ملا رہے ہیں کیونکہ ان سب کے مقدر میں یہی لکھا ہوا ہے اور انہیں ڈر ہے کہ اب عمران خان انہیں نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی 16 ارب روپے کی کرپشن کا بھی یوم احتساب قریب آگیا ہے کیونکہ جب تک عمران خان ہے تو احتساب نہیں رکے گا اور ان سب کو جیل جانا ہوگا۔ جلسہ میں دیگر مقررین چوہدری عادل رفیع چیمہ،میاں نبیل ارشد،یو سی 86 کے چیئرمین لقمان خان نے حلقہ میں سیوریج،واسا کے کنکشنز و دیگرتعمیراتی و ترقیاتی کام کروانے پر میاں فرخ حبیب کا شکریہ ادا کیا۔