عمران خان کو کارسرکار میں مداخلت او ر دھمکیوں پر قانون کو جواب دینا ہوگا ، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ

60
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی پاک ایران سرحد پر سیکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ خاتون مجسٹریٹ، آئی جی اور ڈی آئی جی پولیس کو دھمکی دینے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا ،عمران خان نے دھمکی دی، ساری دنیا نے لائیو دیکھا ، اب قانون کے سامنے آنے کے لئے تیار ہوجائیں ۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو کارسرکار میں مداخلت اور دھمکیوں پر قانون کو جواب دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بشری بی بی، فرح گوگی کی کرپشن کی بات کرو تو عمران خان کو اسلامی ٹچ یاد آ جاتا ہے ۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ قانون پر عمل نہ کیا تو پاکستان جنگل بن جائے گا، بغاوت پر اکسانے والوں کو قانون سے بھاگنے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ نہیں ہوسکتا کہ شہدا کی توہین کریں، بغاوت پر اکسائیں اور پھر اسلام آباد میں کھڑے ہو کر ریاستی رٹ کو چیلنج بھی کریں ۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ رویہ ملک میں انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بن سکتا ہے، کارروائی لازم ہے۔