عمران خان کو 4 گولیاں نہیں لگیں، کوئی بھی آزاد میڈیکل بورڈ جائزہ لے تو جھوٹ پکڑا جائے گا، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

79

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو 4 گولیاں نہیں لگیں، کوئی بھی آزاد میڈیکل بورڈ جائزہ لے تو جھوٹ پکڑا جائے گا، پہلے دن سے کہہ رہے ہیں معاملے کی صاف اور شفاف تحقیقات کے لئے تمام ایجنسیز کی ہائی لیول جے آئی ٹی تشکیل دی جائے،عمران خان فساد فی الارض ہے، ہم پہلے بھی بلیک میل نہیں ہوئے ، اب بھی نہیں ہوں گے۔ وہ جمعہ کی رات نجی ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ عمران خان نے جن تین لوگوں پر الزام لگایا ہے ان کے خلاف کسی ایک بھی ثبوت پر بات نہیں کی، جس طرح سمندر کی گہرائی کی پیمائش نہیں کی جا سکتی اسی طرح عمران خان کے جھوٹوں کا بھی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان الزام تراشیاں کر رہا ہے، عمران خان 4 سال وزیراعظم رہے، ان کو 18 اور 900 قتل اس وقت نظر نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ اس پورے واقعہ کے ایک ایک لمحے کی ویڈیو ریکارڈنگ موجود ہے، عمران خان استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں تو میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان کے دور حکومت میں جتنی بھی تحقیقات ہوئیں تو کیا یہ استعفیٰ دے کر انکوائری کرواتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اپنی سربراہی میں انکوائری بنچز بٹھا دیں، وہ 900 قتل اور 18 قتل کی بھی انکوائری کریں، عمران خان کے زخموں کی بھی انکوائری کریں۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص پکڑا گیا اس کو لانگ مارچ میں موجود ان کے کارکنوں نے پکڑا، گجرات پولیس نے ملزم کی ویڈیو جاری کی، کیا وہ میرے ماتحت ہے؟وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان فساد فی الارض ہے اور یہ قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ہم بلیک میل نہیں ہوں گے، اس سے پہلے بھی عمران خان نے ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے اور جیلوں میں بند کیا، ہم تب بھی بلیک میل نہیں ہوئے اور اب بھی جھوٹ اور پراپیگنڈے سے بلیک میل نہیں ہوں گے۔