عمران خان کی سہولتکاری کے بجائے آئین اور قانون کے مطابق چلا جائے، عمران اور اسکے حواریوں نےوہ کر دکھایا جو دشمن نہ کر سکا ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

179

سیالکوٹ ۔13مئی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آرمی تنصیبات پر حملے ریاست دشمنی کے مترادف ہیں،جو کام دشمن نہ کر سکا وہ کام عمران خان اور اسکے حواریوں نے کر دکھایا ،،شرپسندوں کو ہر صورت سزا دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں سیالکوٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سہولتکاری کے بجائے آئین اور قانون کے مطابق چلا جائے ، کسی نے عمران خان سے متعلق اگر کوئی مقدمہ سوچا بھی ہے تو اس میں بھی اس کو ضمانت دے دی گئی،

یہ کونسا انصاف ہے؟ اگر فوج اور پولیس کی جانب سے حملے کے دوران رد عمل دیا جاتا تو ریاست کو نقصان پہنچتا اور وہ ہوتا جو عمران خان چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک ملزم کو دیکھ کر وش یو گڈ لک اوریہ کہا جائے کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی توانصاف کی کیا توقع کی جا سکتی ہے ؟۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو صرف اپنے بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل قرار دے دیا گیا، انہیں اس طرح کا ریلیف کیوں نہیں دیا گیا، آج عدلیہ اور اسکے قوانین پر الگ سے عملدرآمد کیوں ہو رہا ہے، آج عمران خان کو ان کیسز سے بھی ضمانتیں مل رہی ہیں جن کا انہیں پتہ بھی نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والے تمام چہرے ایک ایک کر کے بے نقاب ہو رہے ہیں لیکن اللہ تعالی کے فضل و کرم سے نواز شریف کی سیاست آج بھی قائم و دائم ہے اور ان کے چھوٹے بھائی محمد شہباز شریف آج بھی ملک کے وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سال عمران خان ملک کو لوٹتا رہا اور اب اسکے حواری ملک کو لوٹ رہے ہیں اور ملک میں انتشار و انارکی پھیلانے کے احکامات بھی عمران خان نے ہی دئیے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان سب سے سپریم ادارہ ہےجو ان سب زیادتیوں کا ازالہ کرے گا، پارلیمان اپنی حدودو قیود کی ہر حال میں حفاظت کرے گی اور جو بھی فیصلہ کرے گی آئین کے مطابق ایگزیکٹو اس پر عملدرآمد کی پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کر رہی ہے جو عمران خان اور اس کے حواریوں کو برا لگ رہا ہے جس کی وجہ سے وہ اداروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں، یہ لوگ اداروں پر اس لیے حملے کر رہے ہیں کہ وہ آئین کے مطابق اپنا کام کر رہے ہیں ۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 75 سالوں میں جو کام ہمارا دشمن نہ کر سکا وہ عمران خان اور اسکے حواریوں نے کردکھایا اور ثقافتی و تاریخی ورثے سمیت ہمارے شہداء، غازیوں اور انکے گھروں تک کو نشانہ بنانے سے بھی باز نہ آئے، اس سب کے باوجود عمران خان اور اسکے حواریوں کو شیلٹر اور سہولت کاری جا رہی ہے۔

،شرپسندوں نے املاک کو نقصان پہنچایا جنہیں ہر صورت سزا دی جائے گی لیکن صدر مملکت عارف علوی کے منہ سے املاک اور اداروں پر حملہ آور ہونے والے شرپسندوں کے بارے ایک لفظ تک نہیں نکلاجو افسوسناک امر ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو عمران خان کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں انہیں ان کے حساب سے جواب دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ اگر کوئی انارکی پیدا ہوتی ہے تو عمران خان اور اس کے سہولت کار ہی اس کے ذمہ دار بھی ہونگے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کو ریلیز کر دیا گیا ہے اور وہ اپنے گھر بھی پہنچ چکے ہیں جبکہ ہمیں تو ضمانتوں کے بعد بھی گھر آتے دو سے تین دن لگ جاتے تھے۔

۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی لگانے والی کوئی بات نہیں ۔ خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کے غرور و تکبر کا یہ حال ہے کہ ابھی دور دور تک ان کے اقتدار کی کوئی امید تک نہیں لیکن ابھی سے تڑیاں لگا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ رات بھی آرمی چیف کے خلاف بیان دیا ہے، ایسی باتیں سابق وزیراعظم کو زیب نہیں دیتیں،

عمران خان نے تو نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے بھی بہت دوڑیں لگائیں لیکن انہیں تب بھی کچھ حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی اب کچھ حاصل ہو گا۔خواجہ محمد آصف نےسیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنمائوں کے گھروں پر توڑ پھوڑ کی مذمت کی اور چادرو چاردیواری کے تقدس کی پامالی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عثمان ڈار اور دیگر پی ٹی آئی رہنما اگر اجازت دیں تو میں انکے گھر جا کر بھی معذرت کرنےکو تیار ہوں کیونکہ ہم انتقامی سیاست کے قائل نہیں اور نہ ہی ہماری ایسی تربیت کی گئی ہے، ہم سب کی مائوں بہنوں اور بیٹیوں کی عزت و تکریم کا خیال رکھتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا آنے والے بجٹ میں حکومت عوام کو 100 فیصد ریلیف دینے کی کوشش کرے گی۔