اسلام آباد ۔ 28 مئی (اے پی پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں یہ ملک نہ صرف اپنے پاﺅں
پر کھڑا ہو گا بلکہ تیزی سے ترقی کی منزلیں بھی طے کرے گا، مریم نواز کے والد نے ایٹمی پاکستان میں کاروبار مشکل کر دیا اور کرپشن و لوٹ مار کو آسان بنا دیا، مریم بی بی کی سمت ماضی میں ٹھیک تھی نہ آج درست ہے۔ منگل کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ مریم بی بی کا جواب دیتے ہوئے ان جیسی زبان اور لب و لہجہ اختیار نہیں کریں گے، مریم بی بی حکومت میں تھیں تو ”ڈان لیکس“ کرتیں، اپوزیشن میں آئیں تو شرپسندوں کی وکیل بن گئیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم بی بی نے ٹھیک سوال اٹھایا کہ جوہری قوت کے حامل ہونے کے باوجود پاکستان مشکلات میں کیوں ہے، ان کے پاکستان کا یہ حال اس لئے ہے کہ آپ کے والد اور چچا اس ملک پر تین عشروں سے مسلط تھے، پاکستان کا یہ حال اس لئے ہے کہ آپ کے والد اور چچا نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ریکارڈ قائم کئے، پاکستان کا یہ حال اس لئے ہوا کہ آپ کے والد نے آپ کیلئے پاکستان ہی نہیں لندن میں بھی جائیدادوں کا ڈھیر لگایا، پاکستان کا یہ حال اس لئے ہوا کہ آپ کے والد نے قومی معیشت کا جنازہ نکال دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی پاکستان اس مقام پر اس لئے پہنچا کہ آپ کے والد نے انکل زرداری کے ساتھ مل کر قوم کو 30 ہزار ارب کا مقروض بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو اطمینان دلائے دیتے ہیں کہ کرپشن و لوٹ مار کا وہ سیاہ دور اب ختم ہو چکا ہے، اصلاح کا آغاز ہو چکا ہے اور مجرموں پر اقتدار کے دروازے بند کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ بالکل فکر نہ کریں مجرم اب ایوانوں کی بجائے جیلوں میں ہوں گے اور قوم کے فیصلے عوام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم انشاءاللہ جلد آپ کے والد کی متعارف کردہ آلائشوں سے نجات پا لے گی۔