عمران خان کی لیڈر شپ پرجماعت کے کسی رکن کو کوئی اختلاف نہیں،ہم انہی کی وجہ سے اقتدار میں آئے ہیں،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی گفتگو

53

فیصل آباد۔18جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہےکہ عمران خان کی لیڈر شپ پر جماعت کے کسی رکن کو کوئی اختلاف نہیں کیونکہ ہم انہی کی وجہ سے اقتدار میں آئے ہیں ، مولانا فضل الرحمن نے پہلے کراچی سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کیامگر حکومت نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی اور نہ ہی پی ڈی ایم کے جلسوں کو روکا لیکن جہاں قانون کی خلاف ورزی ہوگی وہاں قانون حرکت میں آئے گا، اپوزیشن چاہتی ہے کہ کام ہر وقت گرم رہے مگر ہمارا کام ہے کہ ان کو ٹھنڈا رکھیں ،ملکی اداروں کے ساتھ محاذ آرائی اچھی بات نہیں ۔فیصل آبادکے حلقہ این اے 101 کے گاؤں 44 ج ب پکا ڈلہ میں منصوبہ پنجاب آب پاک واٹر سپلائی سکیم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم انتخابی اصلاحات کیلئے تیار ہیں کیونکہ ہم اور عوام سب چاہتے ہیں کہ الیکشن صاف، شفاف، آزادانہ، منصفانہ و غیر جانبدارانہ ہوں جن پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھا سکے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں اسے ہی آنا چاہیے جسے عوام منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے فارن فنڈنگ کیس کا جو بھی فیصلہ کرے گا اسے قبول کیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے صوبہ بھر کو ہیپاٹائٹس فری بنا نے کیلئے فوری تمام ممکن اقدامات کا اعلا ن کرتے ہوئے کہاکہ وہ ڈاکٹر شکیل خاں کے شکر گزارہیں جو بیرون ملک سے جاب چھوڑ کر آب پاک اتھارٹی کا حصہ بنے اور اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری پوری ٹیم اور سٹاف زیرو ٹالرلنس کرپشن پالیسی کے تحت نہایت ایماندار ی،محنت اور پوری لگن سے کام کر رہا ہے لہٰذااگر کوئی آب پاک اتھارٹی میں کرپشن دیکھے تو ہمیں فوری آگاہی کرے ہم اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ایمان ہے کہ کسی آرگنائزیشن کو بنا ئیں اور وہ ڈلیور بھی کرے تو کوئی بھی حکومت اسے ختم نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کہ چک جھمرہ پسماندہ علاقہ ہے جہاں کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی بہت ضرورت ہے تاکہ لوگ ہیپاٹائٹس کا شکار نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہاں کی 90 سالہ بزرگ خاتون اماں نوراں سے منصوبہ کا افتتاح کرواکر نئی روایت ڈالی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرور فاؤنڈیشن 20 لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر رہی ہے اور اس سال کے آخر تک5 سے 6 ملین لوگوں کو دیگر این جی اوز کے ساتھ ملکرصاف پانی فراہم کیاجائے گا۔اس موقع پرصوبائی وزرا اجمل چیمہ،خیال احمد کاسترو،ایم این اے چوہدری عاصم نذیر،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،چیف ایگز یکٹو پنجاب آب پاک اتھارٹی زاہد عزیر،چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔