عمران خان کی کوشش رہی کہ دنیا پاکستان کی مدد نہ کرے،مشکل حالات سے نکل کر عوام کے سامنے سرخرو ہوں گے،وفاقی وزیر شازیہ مری

130
بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت خواتین کوادائیگی کے طریقہ کارمیں تبدیلی لائی جائیگی، شازیہ مری

کراچی۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ اللہ کی ذات پر یقین ہے مشکل حالات سے نکل کر عوام کے سامنے سرخرو ہوں گے،بارش اور سیلاب کی تباہی کے حوالے سے عمران کا کردار افسوس ناک رہا ،ان کی کوشش رہی کہ دنیا پاکستان کی مدد نہ کرے۔

منگل کو یہاں جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے لیئے نہیں بلکہ بارش اور سیلاب متاثرین کے لئے مدد مانگ رہے ہیں،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا عالمی وقار دیکھ کر عمران خان تڑپ رہے ہیں، ان کی بڑی کامیابی دنیا بھر کے سفیروں کی متاثرہ علاقوں میں آمد ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بطور وزیراعظم اپنے کاروباری اداروں کےلئے چندہ مانگتے رہے،ان کی سیاست گالی اور الزام تراشی کے گول دائرے تک محدود ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام آصف علی زرداری کا غریبوں کیلئے بڑا تحفہ ہے، اس سے بارش اور سیلاب کے متاثرین کو بروقت ریلیف ملا ۔