اسلام آباد ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) چائینہ سٹیٹ کنسٹرکشن انجنیئرنگ کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جاوید صادق نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جو اطلاعات دی ہیں وہ بے بنیاد اور جھوٹی ہیں، شریف خاندان کا کوئی بھی شخص ان کے کسی بھی کاروبار میں شیئر ہولڈر نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی بزنس کنٹرول سلوشن باقاعدگی سے اپنا ٹیکس ادا کر رہی ہے جس کا ریکارڈ ایف بی آر میں موجود ہے، انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی مختلف منصوبوں پر شفافیت سے کام کر رہی ہے اور ان میں موجودہ پنجاب حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، جاوید صادق کا کہنا تھا کہ اسے پاکستان مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت نے پنجاب کا کوئی منصوبہ نہیں دیا بلکہ مجھے تمام منصوبے ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی اورپاکستان مسلم لیگ ق کے دور حکومت میں ملے جن پر کام جاری ہے۔