حیدرآباد۔ 25 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت وچیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان نے قوم سے ہمیشہ جھوٹ بولے جب وہ اقتدار میں تھے تب بھی جھوٹے وعدے کیے اور عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس دیا، ہم نے نہ صرف ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا بلکہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور گرتی معیشت کو سہارا دیا ۔
ان خیلاات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سانگھڑ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2008 میں مشکل حالات اور دنیا بھر میں مہنگائی کے باوجود پیپلز پارٹی نے بی آئی ایس پی پروگرام شروع کیا ، اس وقت تک نوے لاکھ خاندان اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کے لئے 70 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے گئے جس سے متاثرین کو فوری مدد ملی۔ شازیہ طا مری نے کہا کے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر بات کرنا ہوگی ، ہمارے عوام اور سکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کے خالف جنگ میں 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دی ہیں، عمران خان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک میں دوبارہ دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا جس کی وجہ سے موجودہ حکومت کو کچھ سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جیل بھرو تحریک صرف ایک ڈرامہ ہے، ایک طرف جیل بھرو تحریک تو دوسری طرف وہ خود ضمانتیں کروا رہے ہیں، عوام ان کا اصل چہرا پہچان چکے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قدرتی آفات سیلاب یا مہنگائی کی وجہ سے غریب افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں مستحقین کو شفاف طریقے سے مالی امداد کی فراہمی کی جارہی ہے۔
بی آئی ایس پی کے بینظیر تعلیمی وظائف ،بے نظیر نشونما پروگرام سمیت دوسرے پروگرامز کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے ۔ اس سے قبل وفاقی وزیر شازیہ مری نے سانگھڑ سول ہسپتال میں بچوں کے لیے نئے نشونما سنٹر کا افتتاح کیا ، وفاقی وزیر شازیہ مری نے ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر جام نواز علی کا بھی دورہ بھی کیا اور ڈائنامک سروے کا جائزہ لیا اور مستحق خواتین سے ملاقات بھی کی۔ سول اسپتال سانگھڑ میں حاملہ خواتین ونومولود بچوں کی نشوونما اور انہیں غذائیت کی کمی سے بچانے کے لیے حکومت پاکستان کے پروگرام "بینظیر بھٹو نشوونما سینٹر، کا افتتاح کرتے ہوئے
وفاقی وزیر شازیہ عطا مری نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت نومولود بچوں اور انہیں دودھ پلانے والی ماؤں کو بچے کی پیدائش سے 6 ماہ تک مقامی طور تیار کی گئی صحت مند خوراک، جس میں وٹامنز اور معدنیات شامل ہیں، فراہم کی جاتی ہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر بینظیر نشوونما کے 402 مراکز قائم کیے گئے ہیں جوکہ تعلقہ سطح پر کام کررہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط بنایا جائے تاکہ ہم ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صحت کے شعبے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے کام کر رہی ہے اور انشا اللہ جلد ہی این آئی سی وی ڈی سانگھڑ میں قائم کیا جائے گا، اس کے علاوہ ہم بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے لوگوں کی مالی معاونت کر رہے ہیں، اس پروگرام کی شفافیت کی مثال دنیا دیتی ہے، اس پروگرام کا دائرہ کار بھی وسیع کیا جائے گا۔شازیہ مری نے مزید کہا کہ ہم آج اچھڑو تھر کے لوگوں کے لیے فور وہیل ایمبولینس بھی حوالے کر رہے ہیں تاکہ دور دراز علاقوں میں لوگوں کو صحت کی سہولیات مل سکیں۔