عمران خان کے قومی اداروں کے خلاف غیر اخلاقی بیانات ملک کے لئے خطرناک اور ناقابل قبول ہیں، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ

241

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان نے غیر اخلاقی زبان استعمال کی ہے اور وہ قومی اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو کہ ملک کے لیے ناقابل قبول اور خطرناک ہے۔ وہ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں لیکن تین مقدمات اہم ہیں جن میں انہیں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو گمراہ کر رہے ہیں اور ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سابقہ حکومت نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف شرمناک کارروائیاں کیں اور ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کو اس شخص کا معاملہ دیکھنا ہو گا جو قومی اداروں کے خلاف دھمکی آمیز بیانات دے رہا ہے۔