عمران خان کے مارشل لاء کا بیان قابل مذمت ہے، نیازی کے ساتھ آئین کے مطابق نمٹا جائے گا۔وفاقی وزیر شازیہ مری

171
Shazia Murry
پاکستان اٹلی پارلیمانی فرینڈشپ گروپ (پی ایف جی) کی کنوینر رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کی زیرصدارت گروپ کا پہلا اجلاس

کراچی۔1نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے مارشل لاء کے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ آئین کے مطابق نمٹاجائے گا،اس معاملے کو اسمبلیوں میں اٹھائیں گے اور ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف قرارداد بھی پیش کریں گے، عمران خان جنرل پرویز مشرف کے دوست تھے اور انہوں نے ریفرنڈم میں پرویز مشرف کو ووٹ دیا تھا، عمران خان پرویز مشرف کے پولنگ ایجنٹ تھے۔ ان خیالات کا انہوں نے منگل کو یہاں کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر شازیہ نے کہا کہ عمران خان نے پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری پر الزامات لگائے جنہوں نے ان کے الزامات کا جواب نہیں دیا کیونکہ ان کی نظر میں ان کی اہمیت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے 2014 میں مہم جوئی کی اور ان کا دھرنا سانحہ اے پی ایس کے بعد ختم ہوا جس میں طلباء شہد ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے حصول اور بحالی کے لیے ہم نے قربانیاں دیں، ہمارے قائدین اور کارکنوں نے جمہوریت کے لیے جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور یہ قربانیاں عمران خان کو آئین روندنے کے لئے نہیں دی گئ تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم عمران احمد نیازی کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، ‘ہم ان لوگوں سے مطالبہ کرتے ہیں، جو اسے بار بار ریلیف فراہم کرتے ہیں، وہ ان سے خونی مارچ کا مطلب پوچھیں اور ان سے پوچھیں کہ وہ پاکستان میں مارشل لا لگانے کی ہمت کیسے کر رہے ہیں؟ ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کوئی عام بیان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دوبارہ وزیراعظم بننا چاہتے ہیں، وہ فرح گوگی کو لے کر آیا اور پیسے بٹورے، وہ صرف حکومت کا حصول چاہتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے اپنی پچھلی 4 سالہ حکومت کی کارکردگی کا جواب نہیں دیا،پی ٹی آئی کے سربراہ چور ہیں،انہوں نے گھڑی چوری کی ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ اس قسم کا فاشزم ماضی میں بھی پھیلایا گیا۔ عمران خان اور ان کے اتحادی ہتھیاروں کی بات کر رہے ہیں۔انہوں نے عمران خان سے سوال کیا کہ اگر وہ قصوروار نہیں تو پھر مارچ میں جان کی بازی ہارنے والی خاتون رپورٹر کی موت کی شفاف انکوائری کیوں نہیں کرواتے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے ہی دن ایک اور صحافی کو زدوکوب کیا گیا، پی ٹی آئی کے دور میں صحافیوں کو گرفتار کیا گیا اور میڈیا سے متعلق ایک سخت قانون متعارف کرایا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم جانتے ہیں عمران نیازی آپ کرسی کے لئے پاگل ہیں۔شازیہ مری نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی سے اسلام آباد راولپنڈی رنگ روڈ تک عمران خان کے سکینڈلز کی فہرست موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ عمران خان بڑا چور ہے ۔