عمران خان کے پاس آئندہ انتخابات میں بیساکھیاں نہیں ہوں گی ،عوام کو مہنگائی کی دلدل سے جلد نکال لیں گے، سردار ایاز صادق

158

لاہور۔1جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس آئندہ انتخابات میں بیساکھیاں نہیں ہوں گی،پرویز الہیٰ عمران خان کے وکیل بنے ہوئے ہیں،پی ڈی ایم کی حکومت عمران خان کی نفرت کی وجہ سے بنی،عام انتخابات وقت پر ہوں گے،عوام کو مہنگائی کی دلدل سے نکالیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ایک تقریب سے خطاب ومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان کی چارسالہ کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے،پی ٹی آئی نے اپنے دور میں اتنے قرضے لیے جتنے گزشتہ 70سالوں میں نہیں لئے گئے،عمران خان نے ان قرضوں سے ملک میں کوئی میگا پراجیکٹ شروع نہیں کیابلکہ پاکستان کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے والے منصوبے سی پیک کو بھی بند کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جھوٹ آہستہ آہستہ کھل کر عوام کے سامنے آچکے ہیں،بیروزگار نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں اور بے گھر افراد کو پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ جھوٹا ثابت ہوچکاہے،عمران خان نے اداروں کو بدنام کرنے کیلئے سازش کاڈرامہ رچایا،عمران خان نے اپنے دور حکومت میں ہر اس شخص سے بدلہ لیا جس نے اس کے خلاف کوئی بات کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں مسلم لیگ ن پر بہت مشکل وقت تھا لیکن ایک بھی کارکن مسلم لیگ ن سے ٹوٹ کر پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوا،عمران خان ایک محسن کش انسان ہیں،جنرل(ر) باجوہ،جہانگیر ترین اور علیم خان نے ان پر لاتعداد احسانات کئے لیکن عمران خان اپنے دوستوں کے بھی وفادار نہ رہے،عمران خان نے جہانگیر ترین اور علیم خان کے اہل خانہ کو بھی بے بنیاد مقدمات میں ملوث کیا، حضرت علی کا قول ہے کہ” جس پر احسان کرو اس کے شرسے بچو”۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عمران خان کو 2018والی بیساکھیاں دستیاب نہیں ہوں گی،کیا اب کوئی عمران خان پر اعتبار کرے گا ،عمران نیازی کے4 سالوں نے ملک کوبرباد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سستی گھڑیاں خرید کر کروڑوں میں بیچیں، اڑھائی ارب روپے کی قیمت والی گھڑی 50 کروڑ روپے میں بیچ دی گئی جس سے ملک کی بد نامی ہو ئی ، وہ گھڑی ملک اور قوم کی امانت تھی۔ ایاز صادق نے کہا کہ پی ڈی ایم نہ بنتی تو پرویز الہی کو عمران خان آفر نہ کرتے ، پی ڈی ایم کی حکومت عمران خان کی نفرت کی وجہ سے بنی ۔

انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کا دعوی کرنے والے کا اصل چہرہ عوام پہچان چکے ہیں،عمران خان کے ناروا سلوک کی وجہ سے اتحادی ان سے ناراض تھے جس کی وجہ سے وہ ان سے علیحدہ ہو ئے،عمران خان کے احتساب کا وقت اب قریب آ چکا ہے ۔ایا ز صادق نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ملکی معیشت کو مستحکم کر نے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں،عوام کو مہنگائی کی دلدل سے جلد نکال لیں گے ، عمران خان کے آ ئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کاسیلاب آ یا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پنجاب اور کے پی کے صوبوں کی اسمبلیاں نہیں توڑسکتے ،ایسا کرنے سے ان کا سرکاری پروٹو کول ختم ہو جائیگا ، عمران خان نے پاکستان کی کوئی خدمت نہیں بلکہ اسے مزید مشکلات سے دوچار کر کے گئے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان روزانہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی مالا جپتے ہیں اور عوام میں مایوسی پھیلاتے ہیں ، عمران خان کو سوائے اپنی ذات کے کسی کی کوئی فکر نہیں، پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں ہو گا، ملکی معیشت جلد مستحکم ہو جائے گی ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سرکاری تحائف کی فروخت پر پابندی لگا دی ہے، اگر تحائف کی فروخت ہوتی بھی ہے تو ان تحائف سے ملنے والی رقم فلاحی کاموں پر خرچ ہو گی کسی کی جیب میں نہیں جائیگی۔