عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد فیصل آباد میں مشتعل افراد کا وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے پبلک سیکرٹریٹ اورڈیرے پر دھاوا اور توڑ پھوڑ

189

فیصل آباد ۔3نومبر (اے پی پی):وزیر آبادمیں عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد فیصل آباد میں مشتعل افراد نے سمن آبادکے علاقہ کوریاں پل سمندری روڈ پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے مین پبلک سیکرٹریٹ اورگھر پر دھاوابول دیا اور مشتعل افراد کی جانب سے توڑ پھوڑبھی کی گئی۔ مظاہرین نے پتھراورڈنڈے مار مار کر عمارت کے شیشے اور کھڑکیاں اوردروازے توڑ دیئے ۔ اس موقع پر شرپسند عناصر نےڈیرے پر لگی فلیکسز پھاڑ دیں ۔وہاں موجود سامان کی توڑ پھوڑ کی گئی اوروہاں کھڑی کچھ موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچایا ۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے جس پر مشتعل کارکنان منتشر ہوگئے۔سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان نوید احمد نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی پی او عمر سعید ملک کی ہدایت پر وزیر داخلہ کے پبلک سیکرٹریٹ، ڈیرہ و گھر کی سکیورٹی انتہائی سخت کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ اس حوالے سے سی پی او فیصل آبادعمر سعید ملک نے کہا کہ کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجا زت نہیں دی جائے گی اور شہریوں کومکمل تحفظ وسکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا ئے گا۔

ایس ایچ اوپولیس تھانہ سمن آباد باسط نذیر نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے ڈیرے اور گھر پر شر پسند عناصر کی جانب سے دھاوا بولنے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی اور وہاں موجودشرپسندعناصرکو منتشر کردیا ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گھر اور ڈیرے پر سکیورٹی پوزیشن سنبھال لی ہے لیکن تاحال کوئی گرفتاری نہیں کی گئی ۔

دریں اثنا شرپسندوں کی ٹولیوں نے ڈی گراؤنڈ، گھنٹہ گھر، ستیانہ روڈاور شہر کے بعض دیگر اہم تجارتی مراکز، شاپنگ سنٹرزاور دوکانوں کو بند کروادیانیزمظاہرین کی ہلڑ بازی سے شہر میں کئی جگہوں پر ٹریفک کے نظام میں بھی شدید خلل آیا جس سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا ۔پولیس انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور قانون کو ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔