عمران خان ہرسطح پر کرپشن کا خاتمہ جبکہ اپوزیشن والے تحفظ چاہتے ہیں،سینیٹرفیصل جاوید

35
وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اسلامی دنیا کو متحد کرنے اور عالمی فورمز پر فلسطینیوں کے حقوق کے لئے بھرپور آواز بلند کی، سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ عمران خان ہر سطح پر کرپشن کا خاتمہ جبکہ اپوزیشن والے ہر سطح پر اس کا تحفظ چاہتے ہیں۔ 2014میں انتخابی اصلاحات کی کمیٹی اور سینیٹ کی کمیٹی آف دی ہول میں سینیٹ انتخابات میں شفافیت لانے کی رائے دی جسے مسترد کردیا گیا۔حکمران طبقے نے ملک میں کرپشن کو عام کیا۔ اپوزیشن والے عوامی مفاد کی قانون سازی پر حمایت کے لئے اپنے کیسز میں ریلیف مانگتے ہیں۔ میڈیا نے کرپشن کے خلاف زبردست آگاہی مہم چلائی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 2014میں انتخابی اصلاحات کی کمیٹی میں سینیٹ الیکشن شفاف بنانے کی رائے دی جسے انہوں نے مسترد کردیا۔ بعد ازاں سینیٹ کی کمیٹی آف دی ہول میں بھی یہی رائے دی مگر اسے بھی مسترد کردیا گیا حالانکہ2006میں بے نظیر بھٹو اور نواز شریف نے میثاق جمہوریت میں نہ صرف اوپن بیلٹ بلکہ قابل شناخت ووٹ کے ذریعے سینیٹ انتخابات کروانے پر اتفاق کیاتھا مگر جب اٹھارویں ترمیم لائی گئی تو کئی معاملات پر قانون سازی کی گئی مگر اس حوالے سے کوئی قانون سازی نہیں کی گئی۔یہ کہتے ہیں کہ ہم آئین میں ترمیم دیر سے لائے ہیں، حالانکہ یہ بل اسمبلی میں پہلے سے موجود ہے۔ عمران خان عزت، دولت اور شہرت کے لئے نہیں بلکہ ملک سے کرپشن کے خاتمے اور سیاسی راہنماﺅں کی طرف سے غریب قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لانے کے لئے اقتدار میں آئے ہیں۔عمران خان نے25سال قبل کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کیا،طویل جدوجہد کی تب عوام نے انہیں وزیراعظم بنایا۔عمران خان نے ہم جیسے متوسط طبقے کا سیاست میں آنا ممکن بنایا۔عمران خان ہر سطح پر کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں جبکہ اپوزیشن والے ہر سطح پر کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں۔اپوزیشن والے عوامی مفادات کی قانون سازی پر حمایت کے بدلے میں اپنے کیسز پر ریلیف چاہتے ہیں جو عمران خان کو منظور نہیں۔ عمران خان ٹیکس اداکرنے والوں کے پیسے کی قدر اور تحفظ کرتے ہیں جبکہ انہوں نے قوم کا پیسہ لوٹا اور اسے غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ اس کے نتیجے میں عام آدمی غریب سے غریب ترہوگیا، انہوں نے ملک میں کرپشن اور دھوکہ دہی اس قدر عام کر دی کہ لوگ اسے جرم نہیں سمجھ رہے،اس وقت اس بات کی ضرورت ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کرپشن اور بداعنوانی کے خلاف مل کر آواز اٹھائیں ورنہ غریب طبقے کے حالات مزید خراب ہوجائیں گے،انہوں نے پورا معاشرہ خراب کردیا ہے،ہمیں ایک ایماندار لیڈر کی ضرورت تھی جو اللہ نے ہمیں عمران خان کی صورت میں عطا کیا ہے۔