عمران نیازی نے اپنی ناقص پالیسیوں اور بدعنوانی سے ملک کا امن اور معیشت تباہ کر دی ،انجنیئر امیر مقام

194
Engineer Amir Maqam
Engineer Amir Maqam

پشاور۔12فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے مرکز میں اپنے 4 سالہ اور کے پی میں 10 سالہ دور حکومت میں اپنی ناقص پالیسیوں اور بدعنوانی کی وجہ سے ملک کا امن اور معیشت تباہ کر دی ہے، پاکستان مسلم لیگ نواز عملی کام پر یقین رکھتی ہے اور کے پی سمیت ملک بھر میں امن بحال کرکے پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال سے نکالے گی۔ نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور منفی ہتھکنڈوں سے تحریک انصاف ان کا نام عوام کے دل و دماغ سے نہیں مٹا سکتی۔

سوات میں ایک بڑے پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے خیبرپختونخوا سمیت ملک میں امن قائم کیا اور سوات سمیت مالاکنڈ ڈویژن کے لاکھوں بے گھر افراد کو عزت کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں آباد کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے لمبے لمبے وعدوں کے باوجود لوگوں کو 10 ملین نوکریاں اور 50 لاکھ گھر فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت کی جانب سے سوات کے عوام کے لیے شروع کیے گئے بجلی، گیس اور انفراسٹرکچر سمیت تمام میگا ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو سابق پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو ترقی سے محروم کرنے کے لیے بند کر دیا، ان زیر التوا منصوبوں کو پاکستان مسلم لیگ نواز کی حکومت مکمل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سوات کے لوگ جانتے ہیں کہ کالام بحرین، سوات ایکسپریس وے اور سوات کے لیے دیگر میگا پراجیکٹس کی منظوری نواز شریف کے دور حکومت میں ہوئی تھی اور پی ٹی آئی نے محض اپنے سائن بورڈ لگا کر عوام کو دھوکہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابق حکومت گزشتہ پانچ سالوں میں کے پی میں کوئی بھی میگا پروجیکٹ شروع کرنے میں ناکام رہی ہے ۔انہوں نے نواز شریف کڈنی ہسپتال سوات کا نام تبدیل کرنے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کا نام بدل کر نواز شریف کڈنی ہسپتال سوات رکھا جائے گا۔ امیر مقام نے کہا کہ نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور منفی ہتھکنڈوں سے تحریک انصاف ان کا نام عوام کے دل و دماغ سے نہیں مٹا سکتی۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ اور پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیسز میں عمران خان کو اس کی بدعنوانی کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نیازی نے توشہ خانہ سے گھڑی چوری کرکے ملک کا امیج خراب کیا ہے۔امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اکثریت سابق قانون سازوں، مشیروں اور وزرا نے کرپشن کر کے اربوں روپے لوٹے جبکہ اربوں درختوں کا منصوبہ نیب نے اپنے قبضے میں لیا جس نے عمران خان کی کرپشن کو بے نقاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سوات سمیت پاکستان کے تمام سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے ذاتی طور پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا جب کہ عمران خان نے ایجی ٹیشن کی سیاست پر توجہ دی اور لاکھوں سیلاب متاثرین کو سخت موسم میں کھلے آسمان تلے چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس عمران حکومت کے معطل شدہ آئی ایم ایف معاہدے پر دوبارہ مذاکرات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل این کی چیف آرگنائزر اور نائب صدر مریم نواز شریف کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد پارٹی کارکنوں میں ایک نئی روح پھونک دی گئی ہے اور پی ایم ایل این الیکشن میں پورے ملک میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔