اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان کو آئین شکنی کے اوپر غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کے تقاضوں کی بات عمران صاحب کی سیاسی منافقت ہے، یہ کسے دھوکہ دے رہے ہیں؟ ۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے قومی اسمبلی میں آئین شکنی اور غنڈہ گردی کر کے جو شرمناک تماشا کیا، اسی کو پنجاب میں دہرایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اوران کی کٹھ پتلیوں کے رویئے کی وجہ سے عدالتوں کے دروازے نصف شب کو کھولے گئے، رات کی تاریکی میں چوروں کی طرح انہوں نے آئین اور پارلیمنٹ پر شب خون مارا تو رات کو عدالت لگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی دن کے اجالے میں آئین کو پامال کرتے اور غنڈہ گردی کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ توہین عدالت کے مجرم عدالت سے نوٹس لینے کی اپیلیں کس منہ سے کر رہے ہیں؟ پہلے گھوسٹ انتخاب سے مجرم کٹھ پتلی عمران نیازی پاکستان پر مسلط ہوئے، پھر آئین شکنی کرکے دہرا آئینی جرم کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے عوام کی دولت لوٹی، باوقار آئینی عہدے کو فرح گوگی کے ذریعے مال بنانے کا ذریعہ بنایا۔
عمران نیازی اپنے فسطائی سیاہ کردار کو دیکھیں جس کی تاریخ ہمیشہ مذمت کرتی رہے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے حکم پر آئینی مناصب کی توہین کی گئی، صدر، گورنر، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سب نے آئین پامال کیا۔