عمران نیازی کو ملک کی چابی دیکر تباہی پھیلائی گئی ، ہم نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے، نارووال کے عوام کو انجینئرنگ یونیورسٹی دی ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا تقریب سے خطاب

137
احسن اقبال

نارووال۔17جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی کو ملک کی چابی دیکر تباہی پھیلائی گئی ، ہم نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے، نارووال کے عوام نے ایک انجینئر کو ووٹ دیکر قومی اسمبلی پہنچایا، میں نے انہیں انجینئرنگ یونیورسٹی دی ۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ نارووال میں نثار فاطمہ آڈیٹوریم ،جامع مسجد اور انویشن سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نارووال میں تعمیر ہونے والے اس انوویشن سینٹر میں 22سو سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجودہے ، اس ہال میں لوگ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے بیٹھ سکیں گے اور اس حال کا نام میری والدہ کے نام سے ’’آڈیٹوریم نثار فاطمہ‘‘ رکھا گیا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں یونیورسٹیوں کی وجہ سے شہر آباد ہوتے ہیں ،نارووال کے عوام نے ایک انجنئیر کو ایم این اے منتخب کیا اس لئے میں نے نارووال کے عوام کو انجنئیرنگ یونیورسٹی دی ہے، آج پورے پاکستان سے طالبعلم نارووال میں تعلیم حاصل کر نے آ رہے ہیں اورمجھے یقین ہے کہ یو ای ٹی نارووال کا معیار لاہور یونیورسٹی کے برابر ہو جائے گا، میں نے اس کا معیار بلند ترین کرنے کے لیے اس سال ایک ارب روپے کا فنڈ منظور کروایا ہے ۔

وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ عمران نیازی نوجوانوں کو مرغیاں دے رہا تھااور ہم کہہ رہے ہیں ہم نو جوانوں کولیپ ٹاپ دینگے،کیونکہ ہمارے پاس وژن ہے جو نوجوانوں کو دینگے،نوجوانوں نے لیپ ٹاپ لیکر تعلیم حاصل کی اور مزید تعلیم حاصل کریں گے،نیازی نے صرف عوام کو گمراہ کیا،آج کمپیوٹر سے ایک منٹ میں مسئلہ حل ہو جاتا ہے اور نوجوان لیپ ٹاپ کے ذریعہ مسائل حل کریں گے،انہوں نے کہاکہ 4سال کی تباہی نے ملک تباہ کر دیا ،عمران نیازی کو ملک کی چابی دیکر تباہی پھیلائی گئی ، ہم نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے، دوست ممالک سے تین ارب کی سرمایہ کاری ملک میں آ چکی ہے اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل کی طرف گامزن ہے۔

وفاقی وزیر نے مزیدکہا کہ آج ہم نے پاکستان کو دوبارہ اس کے مقام پر کھڑا کر دیا ہے کہ آج پاکستانی روپیہ مستحکم ہورہا ہے اسٹاک ایکسچینج بہتر ہو رہی ہے پاکستان کی معیشت مضبوط ہو رہی ہے 14 جولائی چشمہ نیو کلئیر پلانٹ پر ساڑھے تین ارب کی چین سرمایہ کاری کر رہا ہے آنے والے ہفتوں میں اربوں ڈالر آئیں گے ، عوام آئندہ عام انتخابات میں صحیح فیصلہ کریں گے تو پاکستان ترقی کرے گا۔

چوہدری احسن اقبال نے مزید کہا کہ یو ای ٹی نارووال دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کی صف میں کھڑی ہو رہی ہے ، 2009 میں انجینئرنگ یونیورسٹی کے کیمپس کا خواب دیکھا جو آج پورا ہو گیا ، انجینئرنگ یونیورسٹی مقناطیس ہے یہاں انڈسٹری بھی لگے گی ، آپ نے ایک انجینئر کو منتخب کیا اس نے انجینئرنگ یونیورسٹی بنادی اس یونیورسٹی کو لوگ دور دور سے دیکھنے آئیں گے جو سہولت آچکی ہے اس کے نتیجہ میں انجینئرنگ ریسرچ اور انڈسٹری بن کر ابھرے گی ۔