عمران نیازی انسانی حقوق کی پامالی کاجھوٹا پروپیگنڈہ پھیلاکر 9مئی کےالمناک واقعات میں اپنےمجرمانہ کردارسے توجہ ہٹانے کےلئےکسی بھی حدتک جاسکتا ہے،وزیراعظم شہبازشریف

110
عمران نیازی 9 مئی کے المناک واقعات میں اپنے جرم سے توجہ ہٹانے کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی انسانی حقوق کی پامالی کا جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلا کر 9 مئی کے المناک واقعات میں اپنے مجرمانہ کردار سے توجہ ہٹانے کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے ۔

جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی کی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے بارے میں تضحیک آمیز مہم سے متعلق کوئی مغالطہ نہیں ہونا چاہئے، ایک مرتبہ پھر وہ انسانی حقوق کی پامالی کا جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلا کر 9 مئی کے واقعات میں اپنے مجرمانہ کردار سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، مجھے ان کے ہتھکنڈوں پر کوئی حیرانی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسا شخص جو مسلسل ریاستی اداروں کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرے، جو لوگوں کو جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کی ترغیب دے کر عسکری تنصیبات، ریاستی علامتوں اور شہداء کی یادگاروں پر حملے کرائے وہ کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسی تنظیم کے سربراہ ہیں جو لوگوں کو بے وقوف بنانے کیلئے ایک منظم ’’ڈس انفارمیشن نیٹ ورک‘‘ چلاتی ہے، عمران نیازی کی پہچان نفرت ،تقسیم اور جھوٹ کے سواء کچھ بھی نہیں۔