شارجہ۔7نومبر (اے پی پی):شعیب ملک نے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تیزترین نصف سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے اتوار کو ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں 18 گیندوں پر ففٹی بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا،
شعیب ملک نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی، انہوں نے 18 گیندوں پر 6 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے ففٹی بنائی، اس کے علاوہ شعیب ملک نے رواں ورلڈکپ میں تیز ترین نصف سنچری کا بھارتی بلے باز لوکیش راہول کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا،
راہول نے بھی سکاٹ لینڈ کے خلاف ورلڈکپ میچ میں 18 گیندوں پر ففٹی بنائی تھی، اس سے قبل پاکستان کی جانب سے تیز ترین ففٹی بنانے کا ریکارڈ عمر اکمل کے پاس تھا جنہوں نے 2010ءمیں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں 21 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی تھی۔
ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین نصف سنچری کا عالمی اعزاز بھارتی بلے باز یووراج سنگھ کے پاس ہے جنہوں نے 2007ءمیں انگلینڈ کے خلاف میچ میں صرف 12 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی تھی۔