عمرکوٹ، بلاول بھٹو جیالا فورس کے زیر اہتمام قائد جمہوریت شہید بینظیر بھٹو کی 71 ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد

126
Benazir Bhutto Shaheed
Benazir Bhutto Shaheed

عمرکوٹ۔ 22 جون (اے پی پی):عمرکوٹ میں بلاول بھٹو جیالا فورس کے زیر اہتمام قائد جمہوریت شہید بینظیر بھٹو کی 71 ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ میں بلاول بھٹو جیالا فورس کی جانب سے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا،تقریب میں بلاول بھٹو جیالا فورس ضلع عمرکوٹ کے صدر محمد آصف آرائیں،تعلقہ صدر عباس آرائیں اور سٹی صدر حاجی اختر اعوان نے بڑی تعداد میں موجود کارکنان کے ہمراہ قائد جمہوریت شہید رانی بے نظیر بھٹو کی یاد میں 71 ویں سالگرہ کا کیک پارٹی ترانوں کی گونج میں کاٹا۔

اس موقع پر ضلعی صدر محمد آصف آرائیں ودیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے شہید بے نظیر بھٹو کی ملک وقوم کی خدمات پر ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت میں بھٹو خاندان کی قربانیوں کا لہو شامل ہے ،بی بی آج ہم میں موجود نہیں ہیں لیکن پارٹی کے وفا دار جیالوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم اور جراتمند رہنما تھیں ان کی آئین پاکستان اور جمہوریت کیلئے قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ شہید بی بی کی طرز زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ، آج کا دن اپنی شہید قائد سے تجدید عہد وفا کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول جیالا فورس شہید بینظیر بھٹو کے مشن پر گامزن ہے ۔