عمرکوٹ۔ 09 فروری (اے پی پی):عمرکوٹ میں دعوت اسلامی کی معروف دینی درسگاہ فیضان مدینہ میں حفظ اور ناظرہ کے کورس کے تکمیل پر مدرسہ کے طلبہ میں اسناد تقسیم کرنے کے حوالے سے ایک شاندار اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔جس میں علماء کرام طلبہ،ان کے والدین اور اسلامی بھائیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر دعوت اسلامی کے رہنما مولانا محمد یوسف عطاری ہالہ والے نے حفظ اور ناظرہ کا کورس مکمل کرکے فراغت حاصل کرنے والے مدرسہ کے 40 طلبہ میں اسناد تقسیم کیں جبکہ طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر درود پاک کے ورد کے ساتھ ساتھ طلبہ نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم بھی پیش کیں،شرکاء نے فارغ التحصیل طلبہ کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد یوسف عطاری نے مدرسہ فیضان مدینہ کے اساتذہ حافظ صاحب ڈنو،حافظ ابرہیم عطاری،حافظ علی محمد عطاری کو طلبہ کو حفظ اور ناظرہ کا کورس مکمل کرانے اور ان کی بہتر انداز میں اچھی تربیت کرنے پر ان کو مبارکباد دی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورس مکمل کرنے والے طلبہ گھروں میں بیٹھنے کے بجائے گاؤں،گوٹھوں اور قریہ قریہ دین کی دعوت کو پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کورس مکمل کرنے والے طلباء کے والدین خوش قسمت ہیں جنہوں بچوں کو دین کی تعلیم دلوا کر اپنی آخرت سنوار لی ہے ان کے یہ بچے روز قیامت والدین کی بخشش کا ذریعہ بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حرام کی کمائی اور بے حیائی سے بچیں کیونکہ ایسے لوگوں کی بخشش ممکن نہیں،نماز قائم کریں زکوات اور عشر کی ادائیگی کا باقاعدگی سے اہتمام کریں۔حلال کی روزی کمائیں اور اپنے بچوں کو حلال کھلائیں اپنے پڑوسیوں اور غرباء کا خاص خیال رکھیں۔