ریاض ۔ 14 ستمبر (اے پی پی) سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق آئندہ عمرہ پیکیج فیس زائر ین کو اپنے وطن میں ادا کرنی ہو گی۔تمام کمپنیوں و اداروں کو 1440ھ کے عمرہ ویزے آن لائن جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی۔سعودی میڈیا کے مطابق دنیا کے کسی بھی ملک سے عمرے کا ارادہ کرنیوالے کو پہلے سعودی عمرہ کمپنی کے غیر ملکی ایجنٹ اس کے بعد عمرہ پیکیج کا انتخاب کرنا ہو گا۔عمرہ پیکیج مطلوبہ خدمات ، سعودی عرب کے دوطرفہ ٹکٹ نمبر پر مشتمل ہو گا۔ ایجنٹ عمرے کے خواہشمندوں کے کوائف کا اندراج کریں گے اور تمام دستاویزات عمرہ کمپنی کو ارسال کریں گے۔عمرہ کمپنی امیدوار کی درخواست قبول یا مسترد کرنے کی مجاز ہو گی۔وزارت حج و عمرہ کی ہدایت کے مطابق درخواست قبول کرنے کی صورت میں عمرہ امیدوار خارجی ایجنٹ کیلئے مقرر کر دہ بینک اکاونٹ کے ذریعے عمرہ پیکیج کی رقم آن لائن ادا کرے گا۔