اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں سکول کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
جمعہ کو جاری بیان میں عمر ایوب نے معصوم بچوں اور پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے دشمن اس طرح کے حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کرتا ہوں اور دھماکہ کے نتیجہ میں زخمی ہونے والے افراد کی مکمل صحت یابی کے لئے دعاگو ہوں۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ ملکی ترقی و استحکام کے لئے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ ناگزیر ہے۔