فیصل آباد۔ 30 اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے عمر رسیدہ اور ایسے ٹیکس دہندگان جو کسی بھی وجہ سے بائیو میٹرک نہیں کر اسکتے ان کو ایس آر او2024(1) 350 کے تحت بائیو میٹرک کی لازمی پابندی سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے اور اس سلسلہ میں سیلز ٹیکس ریٹرن کے رول F(4)5کے تحت اسائنمنٹ کے خانہ میں نئی آپشن کی سہولت بھی مہیا کر دی گئی ہے۔
یہ کارروائی فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ کی درخواست پر کی گئی ہے جس پر انہوں نے ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے فوری کارروائی کا خیر مقدم اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ اس سے ایف بی آر اور ٹیکس دہندگان میں باہمی اعتماد کو فروغ ملے گا۔
ریحان نسیم بھراڑہ نے اے پی پی کو بتایا کہ انہوں نے لازمی بائیو میٹرک کی شق کو ختم کروانے کیلئے ایف بی آر حکام سے مسلسل ملاقاتوں کے علاوہ چیئرمین ایف بی آر کو خطوط بھی لکھے جس میں اس پابندی کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کو درپیش مشکلات اور مسائل کا ذکر کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بزرگی کی وجہ سے ان افراد کی ہاتھ کی لکیروں کو مشین کیلئے پڑھنا ممکن نہیں ہوتا اسلئے اس پابندی کو ختم کرنے کیلئے سیلز ٹیکس ریٹرن داخل کرانے کیلئے آن لائن پورٹل میں اسائنمنٹ کے خانہ میں نئی آپشن دی جائے تاکہ اے او پی کے تحت رجسٹرڈ فرموں کے ٹیکس دہندگان اپنی ضرورت اور سہولت کے مطابق بائیو میٹرک کے ساتھ یا بائیو میٹرک کے بغیر آن لائن ریٹرن داخل کرانے کا انتخاب کر سکیں۔ ریحان نسیم بھراڑہ نے مذکورہ اقدام پر چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کا شکریہ ادا کیا اور چیمبر کے ممبران سے کہا کہ وہ اب اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔