لاہور۔2جنوری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما عمر ڈار کی بازیابی کی دائر درخواست پر پولیس کو دوبارہ تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے مزید سماعت کل (بدھ ) تک ملتوی کردی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عمر ڈار کی والدہ ریحانہ امتیاز کی درخواست پرمنگل کو سماعت کی جس میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے بتایا کہ پولیس رپورٹ جمع کروا دی گئی ہے جس پر عدالت کے فاضل جج نے کہا کہ ابھی سی سی ٹی وی کیمرے سے فوٹیج نکالنے کی ہدایت نہیں دے رہا، میں چاہتا ہوں کہ پولیس ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت عمر ڈار کو بازیاب کروا کر پیش کرنے کا حکم دے۔