نوابشاہ۔ 18 فروری (اے پی پی):کمشنرشہیدبینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو نے کہا ہے کہ عوامی بہبود وسماجی ترقی میں حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات اور سماجی تنظیموں کا اہم کردار ہے اس لئے بہتر کام کرنے والی سماجی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کے لئے ڈویژنل و ضلع انتظامیہ کی جانب سے بھرپورتعاون کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج کمشنر آفیس کے کمیٹی روم میں ڈویژن کے تینوں اضلاع میں کام کرنے والی سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور محکمہ سماجی بھبود کے افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر نے مزید کہا کہ انتظامیہ و سماجی تنظیمیں رابطے کو بہتر بناکر عوام کی فلاح بھبود کے لئے کام کریں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم ہوسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سماجی تنظیمیں و مخیر حضرات اپنے سماجی کام کو فوکس کرکے سرانجام دیں تاکہ معاشرے میں اس کامثبت اثر سامنے آسکے اور تمام پروجیکٹ اس طرح سے ترتیب دئے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اس کی رسائی ممکن ہوسکے۔کمشنرنے ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو ہدایات دیں کہ تعلقہ سطح پر سماجی تنظیموں کے کام کی نگرانی اوررہنمائی بھی کی جائے تاکہ وہ اپنے کام کو مزید بہتر بناسکیں جبکہ سماجی تنظیموں کے کام کی رپورٹ کمشنر آفیس کو ارسال کی جائے کمشنر نے سماجی تنظیموں کے رہنماؤں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اضلاع میں تعلیم، صحت و دیگر عوامی بہبود کے کاموں پر خصوصی توجہ دیں
تاکہ ان منصوبوں کے ذریعے تعلیم، صحت و دیگر شعبوں کو بہتر بناکر اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جاسکے کمشنر نے مزید کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے ڈویژن کے تمام تحصیلوں میں ایک ماڈل ولیج بنایا جائے گا اس سلسلے میں سماجی تنظیمیں تعاون کریں کمشنر نے سماجی تنظیموں کے رہنماؤں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ڈویژن میں بہتر کام کرنے والی سماجی تنظیم کے ساتھ ڈویژنل و ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور انکے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔