عوامی بہبود کویقینی بنانے کیلئے غیرمعمولی توانائیاں صرف کرنے کی ضرورت ہے، سینیٹر سیف اللہ خان نیازی

59

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ عوامی بہبود اولین ترجیح ہے جسے یقینی بنانے کیلئے غیرمعمولی توانائیاں صرف کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد کے ایک روزہ دورے کے دوران ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور شکایات کے ازالے کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ہفتہ کومرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے فیصل آباد کے ایک روزہ دورے کے دوران ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی صدارت کی جس میں تحریک انصاف کی قیادت، قومی و صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ضلعی انتظامی افسران اور سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ضلع فیصل آباد میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار، درپیش مسائل کے فوری اور مؤثر حل اور ترقیاتی منصوبوں پر کی جانے والی پیشرفت کا مفصل جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں امن عامہ کی صورتحال پر خصوصی غور کیا گیا اور چیف آرگنائزر کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کے عمل کو مزید مؤثر اور تیز کرنے کی خصوصی ہدایات دی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی بہبود اولین ترجیح ہے جسے یقینی بنانے کیلئے غیرمعمولی توانائیاں صرف کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی بہبود کو مرکزِ نگاہ بنائے بغیر عمدہ حکومت کا کوئی نسخہ کامیاب کارگر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری افسران اپنے اپنے دائرہ اختیار میں عوامی بہبود کو ہدف بنائیں اور ردعملی طرز انتظام اختیار کرنے کی بجائے از خود سرگرمی دکھائیں اور شکایات کے ظہور کے امکانات کو کم از کم سطح تک لے کر آئیں۔

فیصل آباد کے ایک روزہ دورے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے قومی و صوبائی وزراء اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے  چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی منصوبہ جات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں حزب اختلاف کی سیاسی حکمت عملی اور پاکستان تحریک انصاف کے سیاسی اہداف پر بھی مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کو ہر لحاظ سے جامع اور قومی امنگوں کا عکاس قرار دیتے ہوئے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ الحمدللہ پاکستان عالمی سیاسی منظرنامے پر نہایت مؤثر انداز میں ابھر رہا ہے اور عالمی پیچیدگیوں پر دنیا کو قابلِ عمل حل پیش کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا وژن اور تحریک انصاف کی حکومت کے اقدامات اقوام عالم کیلئے مینارہ نور کی حیثیت اختیار کرچکے ہیں جس کا اظہار برطانوی وزیراعظم کی زبان سے پوری دنیا نے سنا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کو نظر و فکر میں غیرمعمولی تبدیلی اور اقوام کو اپنی ترجیحات کی درستگی کی دعوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تفریق اور دو رنگی پر مبنی حکمت عملی پوری طرح ناکام رہی ہے چنانچہ دنیا خصوصاً اممِ عالم کو اپنے زاویہ نگاہ میں یک رنگی پیدا کرنا ہوگی۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ پاکستان کا طرز فکر عالمی مسائل کے حل اور بین الاقوامی امن و استحکام کی راہ ہموار کرے گا۔