اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):عوامی جمہوریہ چین کی سٹینڈنگ کمیٹی آف پیپلز کانگریس کے چیئرمین ژائو لیجی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔ منگل کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ترجمان کے مطابق چیئرمین ژائو لیجی نے اپنی اور سٹینڈنگ کمیٹی آف پیپلز کانگریس کی جانب سے ایک تہنیتی پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک۔چین بے مثال دوستی دونوں دوست ممالک کے عوام کے دلوں میں پائے جانے والے محبت و احترام کے رشتے کی عکاسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان ایک دوسرے کے بااعتماد اور مخلص دوست ہیں۔دونوں دوست ممالک ایک دوسرے کے ہر دکھ درد میں شریک ہیں اور ہر مشکل کے ساتھ ہیں۔بدلتی ہوئی بین الاقوامی صورتحال دونوں ممالک کے مابین آہنی دوستی کو متزلزل نہیں کر سکتی۔پاکستان اور چین کے بنیادی مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔دونوں دوست ممالک اہم علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔
عوامی جمہوریہ چین کی سٹینڈنگ کمیٹی آف پیپلز کانگریس کے چیئرمین ژائو لیجی نے پاکستان قومی اسمبلی کے مابین تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کی خواہش اور دونوں دوست ممالک کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک میں پائے جانے والے سدا بہار تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی آف نیشنل پیپلز کانگریس ژائو لیجی کا شکریہ ادا کیا۔\932