عوامی جمہوریہ چین کے وزیر ثقافت کی وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید سے ملاقات

128
APP80-19 DUNHUANG: September 19 - Federal Minister for Information, Broadcasting and National Heritage Pervaiz Rashid in a meeting with the Minister of Culture of China Luo Shugang. APP

بیجنگ ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) عوامی جمہوریہ چین کے وزیر ثقافت مسٹر لو شوگانگ نے پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات سلک روڈ عالمی ثقافتی نمائش کے موقع پر گانسو صوبہ کے شہر ڈوآنگ ہوآنگ میں ہوئی۔ چینی وزیر نے سینیٹر پرویز رشید کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط بنیادوں پر مستحکم ہیں جو ثقافت سمیت زندگی کے ہر شعبہ میں تسلسل کے ساتھ بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ چینی وزیر نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر جب شاہراہ ریشم کے گرد آباد ممالک ثقافت کی ترقی کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں‘ ان لمحات میں پاکستان کی یہاں موجودگی بہت اہم ہے۔ اس نمائش میں دنیا کے 85 ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ چینی وزیر ثقافت نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ 13 کلچرل ایکسچینج پروگرام جاری ہیں۔ یہ پروگرام دنیا کے کسی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان کی ثقافتی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اور عوام کی سطح پر روابط کو بڑھانے اور انہیں مضبوط کرنے کے لئے مزید ثقافتی طائفے پاکستان بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے اسلام آباد میں کلچرل سنٹر کے قیام کے سلسلے میں حکومت پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی یونیورسٹیوں میں اردو سیکھنے والے طالب علموں کی تعداد میں بڑی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو پاکستان میں دلچسپی میں اضافہ کا مظہر ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کے لئے مزید شعبوں کی نشاندہی میں دلچسپی ظاہر کی۔