عوامی سطح پر رابطوں کے ذریعہ پاکستان اور چین کے عوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے ، چینی سفیرنونگ رونگ کا پشاور میں چائنا ونڈو کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال

77

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ نے کہا ہے کہ پشاور میں قائم چینی ثقافتی و اطلاعاتی مرکز چائنا ونڈو صوبے میں چینی کلچر کو متعارف کرنے میں اہم کر دار ادا کر رہا ہے، اس کی خدما ت کا اعتراف کر تے ہوئے اس کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا، امید ہے چائنا ونڈو مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے عوام و مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کو قریب لانے میں اپنا کر دار ادا کریگا۔پاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہو نے پر چائنا ونڈو میں خصوصی تقریب منعقد کرنے پر ہم چائنا ونڈو کے شکر گزار ہیں، وہ پشاور میں قائم چینی ثقافتی و اطلاعاتی مرکز چائنا ونڈو کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر،چینی سفارت کار، خیبر پختونخوا سرمایہ کاری بورڈکے چیف ایگز یکٹو آفیسرحسان داؤد بٹ، چائنا ونڈوکے ایڈ منسٹریٹر امجد عزیز ملک ودیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

اپنے دورہ کے موقع پر چینی سفیر نونگ رونگ نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں،ویب سائیٹ کا افتتاح کیا، پاک چائنہ فرینڈ شپ وال پر دست خط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے ۔ نونگ رونگ نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی سطح پر رابطوں کے ذریعہ پاکستان اور چین کے عوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے جس کے لئے پشاور میں چائنا ونڈو کا کردار انتہائی اہم ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پر کام کی رفتار کم نہیں بلکہ بہت جلد اس عظیم منصوبے کے ثمرات پاکستان کے عام لوگوں تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کی تاریخ ساست دہائیوں پر محیط ہے دونوں ملکوں کی اعلی قیادت باہمی ترقی پر یقین رکھتی ہے پاکستان اور چین آپس میں بھائی ہیں انہوں نے کہا کہ ہر مشکل دور میں آپس میں تعاون کیا گیاہے انہوں نے کہاکہ چین نے کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال میں بھی پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو یقینی بنایا ہے، خصو صی طور پر کورونا ویکسین کے سلسلے میں پاکستان سے تعاون کررہے ہیں اور اجتماعی کوششوں سے کویڈ کو شکست دینگے ۔

انہوں نے کہاکہ رشکئی صنعتی زون سی پیک کا اہم منصوبہ ہے چین رشکئی صنعتی زون کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اورنج لائن، گوادر پورٹ اور دیگر ترقی کے منصوبوں میں چین تعاون کررہا ہے انہوں نے کہاکہ سی پیک کے منصوبہ ترقی کے ساتھ منازل طے کررہے ہیں سی پیک سے جڑے نئے منصوبہ بھی زیر غور ہیں سی پیک سے جڑے بہت منصوبے ہیں۔بہت خوش خبریاں عوام کو ملیں گی کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں،چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء کی مشکلات کے خاتمے پر توجہ دی جائے گی۔

نونگ رونگ نے کہاکہ کورونا ویکسینشین چین میں بہتر انداز میں جاری ہے جس سے سفری صورتحال میں بہتری آئے گی طلباء اور،کاروباری طبقہ کی چین آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔جس سے دونوں ممالک میں مزید تعاون کو فروغ حاصل ہو گا انہوں نے کہا کہ جیسے حالات بہتر ہوں گے دونوں ممالک کے طلباء آسانی سے آجا سکیں گے دوسری جانب طلباء کی سہولت کے لئے آن لائن کلاسیں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف سے کئی ملاقاتیں کر چکے ہیں جس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور وہ پہلی بار آئے ہیں جہاں گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں اور انہیں یقین ہے کہ سی پیک کا خیبر پختونخوا کوبھی بہت فائدہ پہنچے گا اور انہیں خوشی ہے کہ صوبائی حکومت نے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔چائنا ونڈو کے دورے سے متعلق اپنے احساسات کا زکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چائنا ونڈو سنٹر کا دورہ کرکے انتہائی خوشی ہوئی ہے چائنا ونڈو کلچرل،اکنامک اور سی پیک کی سطح پر باہمی تعاون کی عمدہ مثال ہے، انہوں نے اس موقع پر پاک چین دوستی کا ذکر کرتے ہوئے چائنہ ونڈو کے ساتھ ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائیں گے پاک چین دوستی میں میڈیا کا اہم کردار ہے سی پیک کو بھرپور توجہ مل رہی ہے اس سلسلہ میں انہوں نے میڈیا سے بھی مثبت رپورٹنگ کی توقع کا یقین ظاہر کیا۔