ڈیرہ غازی خان ۔ 23 مئی (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے عوامی شکایات کے فوری ازالے اور پولیس سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ڈی پی او سید علی کے ہمراہ تھانہ سخی سرور اور ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے مختلف نوعیت کی شکایات پیش کیں جنہیں آر پی او نے بغور سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر آر پی او نے ریجن کے تمام تھانوں سے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کانسٹیبلز کو واپس بلانے اور یہ ذمہ داریاں نئے بھرتی شدہ اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سونپنے کے احکامات دیے۔ انہوں نے تھانوں میں رضا کاروں کی موجودگی پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آر پی او نے ڈکیتی و رہزنی کے مقدمات میں برآمد ہونے والی 50 لاکھ روپے کی رقم متاثرین کے حوالے کی۔
انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے تحت عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر اور تھانوں میں آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔آر پی او نے سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن سخی سرور کا بھی خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے تھانے کی صفائی، عمارت، فرنٹ ڈیسک، مال خانہ، اسلحہ خانہ اور حوالات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی۔ انہوں نے سروس ڈیلیوری اور مقدمات کے اندراج میں ٹائم لائن کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔بعد ازاں آر پی او نے اراکین صوبائی اسمبلی سردار صلاح الدین اور حنیف خان پتافی کے ہمراہ امن کمیٹی، انجمن تاجران اور وکلا نمائندگان سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اجلاس میں علاقائی امن، بین المسالک ہم آہنگی، تاجروں کو درپیش مسائل اور عدالتی نظام کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آر پی او نے کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرکے ہی پائیدار امن ممکن ہے اور اس مقصد کے لیے تمام طبقات کی شمولیت ناگزیر ہے۔ اجلاس میں شرکاء نے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور متعدد مثبت تجاویز پیش کیں، جنہیں آر پی او نے سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600777