ملتان۔9مئی (اے پی پی):وزیرمملکت برائے امور داخلہ عبدالرحمن کانجو نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کاحل حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ایسے نازک حالات میں حکومت سنبھالنا آسان کام نہیں تھا لیکن پاکستان مسلم لیگ نواز کی قیادت نے عوامی مفاد کے لیے یہ چیلنج قبول کیا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ رات اپنے آبائی قصبے کہروڑ پکا میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔
عبدالرحمن کانجو نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت ملک کو درپیش تمام بحرانوں پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ہم یہ مسائل حل کرکے دم لیں گے۔انہوں نے بتایا کہ 2013-2018 کے دوران ضلع لودھراں میں 46 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ، لودھراں سے خانیوال تک سڑک ساڑھے 9 ماہ کے مختصرعرصے میں 24 ارب روپے سے زیادہ کی لاگت سے مکمل کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنی نااہلی اور بدانتظامی کی وجہ سے ملک کوبدترین مہنگائی سے دوچارکیا، کھاد، ادویات، آٹا اور دیگر اشیاءکی قیمتیں سابقہ نااہل حکومت نے بڑھا دیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان نے اپنی ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لیے ملک میں حکومت کی تبدیلی کو بین الاقوامی سازش قرار دیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ میاں محمد نواز شریف کے خلاف اس وقت سازشیں کی گئیں جب انہوں نے ایٹمی دھماکوں اورچین کے ساتھ تعلقات کے خلاف بین الاقوامی دباؤ مسترد کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق رائے دہی کا کوئی مناسب طریقہ کار نہیں تھا اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) بھی دھاندلی کے لیے سابقہ حکومت کا ایک منصوبہ تھا۔
وزیرمملکت برائے داخلہ نے کہا کہ ان کے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے براہ راست روابط ہیں، ضلع لودھراں کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا اور قیادت انہیں کبھی نظر انداز نہیں کرے گی۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کہروڑ پکا سے کیا جائے گا۔انہوں نے آبائی شہر پہنچنے پر مثالی استقبال پر لوگوں کاشکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں دنیا پور میں خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے داخلہ نے کہا کہ حکومت کے پاس وقت کم ہے لیکن چیلنجز بہت زیادہ ہیں اس کے باوجودعوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومت نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا تھا،ان کے دور میں مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پرتھی جس نے عوام کوخودکشیوں پرمجبور کردیا۔ ان کا کہنا تھاکہ ان شاءاللہ موجودہ حکومت عوام کو مہنگائی سے نجات دلائے گی۔