سانگلہ ہل۔ 04 مارچ (اے پی پی):سابق گورنر گلگت و بلتستان وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر چوہدری محمد برجیس طاہر نے پبلک سیکرٹریٹ مسلم لیگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانگلہ ہل میرا شہر ہے اور حلقہ 111 کے عوام سے مجھے پیار نہیں عشق ہے میں نے اپنے چھ مرتبہ کے دور اقتدار میں جتنے بڑے بڑے پراجیکٹ اپنے حلقہ کے عوام کو دئیے اگر ان کی تفصیل بتانا شروع کروں تو بہت وقت درکار ہوگا مگر میرا شیوہ نہیں کہ تفصیلات دہرائی جائیں کیونکہ عوام کو بخوبی پتا ہوتا ہے کہ کس نے کیا کام کیا اور کس نے بنے بنائے کام کو اپنے کھاتے میں ڈالا ہے ۔
چوہدری محمد برجیس طاہر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گزرا وقت اور لوگ گواہ ہیں کہ سانگلہ ہل تو سانگلہ ہل میں نے اپنے ضلع ننکانہ صاحب میں جتنے بڑے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے وہ روز روشن کی طرح نمایاں ہیں اور اور ضلع شیخوپورہ میں جتنی ڈویلپمنٹ میں نے اپنے لیڈر نوازشریف کی قیادت میں کی اور میگا پراجیکٹس پہ عملدرآمد کروایا وہ بھی نمایاں ہے سانگلہ ہل میں ڈگری کالج برائے خواتین سے لے کر ٹیوٹا انسٹیٹیوٹ اور یونیورسٹی کیمپس سے لے کر پورے حلقہ میں سوئی گیس اور اپنی آنے والی نسلوں کیلئے مذید بہت سے ایسے منصوبے ہیں جن کی تفصیل بہت طویل ہے اور بہت جلد میری بیٹی وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کو سانگلہ ہل دعوت دونگا جس نوجوانوں کے لئے بہت سے منصوبہ جات کے اعلانات کئے جائیں گے۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہوں اور میرے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔