حویلیاں۔ 02 ستمبر (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ عوامی مشکلات کے پیش نظر حویلیاں ایوب پل ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کروائیں گے،ایوب پل کی مکمل فزیبلٹی رپورٹ وزیراعظم محمدشہباز شریف کوپیش کر دی ہے،عوام اپنے منتخب نمائندوں سے بھی کارکردگی رپورٹ طلب کریں۔منگل کویہاں حویلیاں میں مسلم لیگ (ن )کے صدر ملک حبیب الرحمن ،سابق ممبر تحصیل کونسل امجداقبال تنولی اور ملک سجاد احمد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک میں ہونے والے سیلابی نقصانات کے ازالہ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے،
اس وقت پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں نے پورے سسٹم کو جام کر دیا ہے۔ مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ ایوب پل کی اہمیت اور افادیت کے پیش نظر اس کی مکمل تعمیر کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کو رپورٹ پیش کر دی ہے اور جلد اس پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع ہوگا ۔مرتضی جاوید عباسی نے مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت کو ہدایت کی کہ پارٹی کی مضبوطی اور مسائل کے حل کے لئے باہمی اختلافات ختم کر کے عوام اور کارکنوں کی خدمت کریں۔