راولپنڈی۔20جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہاہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان کا حصول صرف عوامی نجی شراکت داری کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے، پلاسٹک بیگز پر پابندی، پانی کے ضیائع کو روکنے ، زیر زمین پانی کی سطح بہتر کرنے اور شجر کاری کے فروغ کے لیے چیمبر آف کامرس آگاہی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر محمد ناصر مرزا کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں سینئر نائب صدر عثمان اشرف ، نائب صدر شاہ ریز ملک، اور ایگزیکٹو ممبر طلعت محمود شامل تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ۔ وزیر مملکت نے کہا ہے کہ چیمبر بلڈنگ میں بارش کا پانی ذخیرہ کرنے اور ری چارج نظام کی تنصیب پر راولپنڈی چیمبر مبارکباد کا مستحق ہے۔ جلد چیمبر آف کامرس کا دورہ کروں گی اور موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کروں گی۔ اس موقع پر صدر ناصر مرزا نے چیمبر کی جاری سرگرمیوں اور آئندہ کے پروگراموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری شجرکاری، پلاسٹک کے تھیلے پر پابندی اور قابل تجدید توانائی کے استعمال سمیت مختلف اقدامات کے ذریعہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی کوششوں میںحکومت کا ہاتھ بٹانے کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ چیمبرسر سبز پاکستان کے وزیر اعظم کے وژن کو سنجیدگی کے ساتھ لے کر اس پر عملی اقدام کررہا ہے۔ کلین اینڈ گرین پروجیکٹ کو قابل عمل بنانے کے لیے مراعات سے جوڑنے کی ضرورت ہے اور تجویز پیش کی کہ بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے ٹیکس میں چھوٹ متعارف کروائی جائے۔