
راولپنڈی ۔ 26 اگست (اے پی پی) صوبائی وزیربرائے خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ این آر او نہ ملنے سے مایوس شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمن کے ساتھ اکٹھ دراصل حکومت کو بلیک میل کرنے کا حربہ ہے جس سے حکومت کو کوئی خطرہ ہے اور نہ وہ کسی کی سیاسی بلیک میلنگ میں آئے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی گم گشتہ نظریاتی منزل پانے کے راستے پر چل رہی ہے جس کا حاصل ریاست مدینہ ہے۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کرکے عمران خان نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اس عہد کی تجدید کی ہے جو انہوں نے قیام پاکستان سے قبل فلسطینی مسلمانوں سے کیا تھا اور کہا تھا کہ ہمیں کسی صورت اسرائیل کا قیام قابل قبول نہیں۔ ملک بھر کیلئے نئی اور یکساں تعلیمی پالیسی قرآن و سنت کے طابع ہو کر تیار کی جا رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ہفتہ وار کھلی کچہری کے انعقاد کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، راجہ راشد حفیظ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں بالخصوص (ن) لیگ کی جھوٹ گڑھنے والی مشینیں رات دن کام کر رہی ہیں اور ابلاغی ذرائع خاص طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے عوام الناس کو گمراہ کر رہی ہیں ، حکومت نے قومی مفاد کو اپنے ذاتی سیاسی مفاد پر ترجیح دیتے ہوئے کوئی سمجھوتہ کرنے سے انکار کیا جو پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے، اب یہ لوگ مایوس ہو کر باہمی اتحاد بنا رہے ہیں اور حکومت کو بلیک میل کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں، صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے بے بنیاد اور سراسر جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈے میں نہ آئیں اور کرپشن ختم کر کے ملک کو ریاست مدینہ جیسا بنانے میں اپنی حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں۔