اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور اور ریجنل صدر پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ڈویژن علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ لیڈر وہی ہے جو مشکل حالات میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑا ہو اور یہ خوبی صرف وزیراعظم عمران خان میں پائی جاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ڈویژن کی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایسا لیڈر ہے جو ملک کے لیے درد رکھتا ہے اور اپنے عوام کی بات بھی سنتا ہے، مشکل حالات کا مقابلہ کرنا بھی جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ عمران خان نہ تو نواز شریف کی طرح ملک سے بھاگے گا اور نہ ہی سرے محل کھڑے کرے گا، عمران خان کو نواز شریف کے پاکستان آنے کی دھمکیاں دینے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، وہ تو خود چاہتے ہیں کہ نواز شریف پاکستان آئے اور اپنی سزا پوری کرے۔
ریجنل ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں کلیدی نوعیت کے فیصلے کیے گئے جن کی تفصیلات کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لئے ہونے والی حلقہ بندیوں کے سلسلے میں داخل کروائے جانے والے اعتراضات پر قانونی معاونت کے لیے وکلا کی ایک ٹیم مرکزی دفتر میں موجود ہو گی جو اعتراضات کرنے والے امیدواروں کو قانونی معاونت فراہم کرے گی، اس سلسلے میں ایک پانچ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی کمیٹی میں محمد عامر شیخ، راجہ شیراز کیانی ، چوہدری محمد علی اور دو ارکان قانونی ٹیم کے شامل ہوں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان 26 جنوری کو اسلام آباد کی 100 فیصد آبادی کے لیے صحت انصاف کارڈ کا اعلان کر یں گے جس کے لیے ایک موثر تشہیری مہم چلائی جائے گی، اس مہم کے ذریعے عوام الناس کو صحت انصاف کارڈ کی افادیت، طریقہ استعمال اور قریبی ہسپتالوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا، صحت انصاف کارڈ سے متعلقہ امور پر وزارت صحت کے ساتھ روابط کے لیے ایک پانچ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، کمیٹی ارکان میں عامر مغل، الیاس مہربان، حسنین شاہ، نعیم خان اور ملک عامر شامل ہوں گے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد کی سوشل میڈیا ٹیم کو اگلے چند روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی اور ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔